اسلام آباد: پاکستان کی اقتصادی بڑھوتری رواں سال 2 فیصد اور آنے والے مالی سال میں 4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے ’’پاکستان ڈویلپمنٹ آئوٹ لُک 2021ء‘‘ میں بتایا ہے کہ کوویڈ-19 کی وجہ سے رکاوٹیں ہٹانے کے نتیجہ میں جاری مالی سال میں پاکستان کی اقتصادی بڑھوتری دو فیصد رہے گی اور اگر ویکسین کی فراہمی اور اقتصادی استحکام کے اقدامات کا سلسلہ جاری رہا تو آئندہ سال میں پاکستان کی معیشت 4 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی۔
پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے عبوری کنٹری ڈائریکٹر ایف کلیو کاواواکی (F. Cleo Kawawaki) نے بتایا کہ پاکستان کیلئے ویکیسن کی مسلسل فراہمی، سماجی تحفظ کو مضبوط بنانے، نجی شعبہ کی معاونت اور اقتصادی بحالی کیلئے اقدامات کا سلسہ جاری رکھنا نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
یہ بھی پڑھیے: مالیاتی خسارہ مجموعی قومی پیداوار کے مقابلہ میں 2.9 فیصد تک کم ہو گیا
انہوں نے بتایا کہ چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروبار کیلئے قرضوں کی فراہمی سے تجارت اور روزگار کے نئے مواقع سامنے آئیں گے۔ پاکستان کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی شراکت داری حکمت عملی میں کلی معیشت کے استحکام اور مسابقت کا فروغ کلیدی عناصر ہیں جس پرعمل پیرا ہونے سے جامع اور پائیدار اقتصادی بڑھوتری ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاٹن کے زیرکاشت رقبہ میں کمی، حملہ اور کیڑوں اور بھاری بارشوں کی وجہ سے رواں سال زرعی شعبہ میں بڑھوتری کاعمل سست روی کا شکار رہے گا۔ تاہم حکومت کی جانب سے زرعی مداخل پر سبسڈی اور بینکوں کی جانب سے زرعی قرضوں کے اجراء کے نتیجہ میں چاول، کماد اور مکئی کی فصلیں ہدف سے زیادہ پیداوار دے سکتی ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے تعمیرات اور برآمدی صنعتوں کیلئے مراعات کا اعلان کیا گیا جس کی وجہ سے صنعتی اور خدمات کا شعبہ بہتری کے اشاریے دے رہے ہیں۔