بیجنگ: چین کی جانب سے انٹلکچوئل پراپرٹی رائٹس (آئی پی آر) کے تحفظ اور کاروباری ماحول میں ہونے والی نئی پیش رفت سے متعلق 2020ء کی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال چین نے انٹلکچوئل پراپرٹی رائٹس کی خلاف ورزی اور جعل سازی کرنے والوں کے خلاف اقدامات کو مزید سخت کر دیا اور پیٹنٹ تحفظ کے ٹھوس اور سخت اقدامات اختیار کرتے ہوئے کاروباری ماحول کو بہتر بنایا، جسے عالمی برادری نے بھی تسلیم کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس چینی منڈی میں دلچسپی لینے والے کاروباری اداروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا، سال 2020ء کے دوران دو کروڑ 50 لاکھ 21 ہزار نئے سرمایہ کار ادارے اور کمپنیاں چینی مارکیٹ میں داخل ہوئیں جو سال 2019ء کے مقابلے میں 5.2 فیصد زیادہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پہلی سہ ماہی میں چین کے جی ڈی پی میں 18.3 فیصد اضافہ ریکارڈ
اس دوران غیرملکی سرمائے سے چلنے والے نئے کاروباری اداروں کی تعداد میں بھی پچاس ہزار کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یوں سال 2020ء کے دوران کورونا وبا کے باوجود چین دنیا کا سب سے بڑا غیر ملکی سرمائے کا حامل ملک بن گیا۔
چین میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے استعمال میں مستقل اضافہ ہوا ہے اور یہ دنیا کی ان چند بڑی معیشتوں میں سے ایک ہے جس نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں ترقی برقرار رکھی ہے۔ اس ترقی کا تعلق بلاشبہ چین کے کاروباری ماحول کو مستقل اور مسلسل بہتر بنانے سے ہے۔
واضح رہے کہ چین کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی ) میں مالی سال 2021ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیاد پر 18.3 فیصد اضافہ ہوا ہے جو دنیا بھر میں ایک ریکارڈ ہے۔ چینی صنعتی پیداوار میں مارچ 2021ء کے دوران سالانہ بنیاد پر 14.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ پہلی سہ ماہی کے دوران صنعتی پیداوار کی مجموعی شرح نمو 24.5 فیصد رہی۔
رواں سال پہلے دوماہ (جنوری، فروری) کے دوران چین کی ریٹیل مارکیٹ میں سالانہ بنیاد پر 34.2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پہلی سہ ماہی کے دوران ریٹیل سیل کی مجموعی شرح نمو 33.9 فیصد رہی۔
یاد رہے کہ چین دنیا کی واحد بڑی معیشت ہے جہاں 2020ء کے دوران کورونا وائرس کے باوجود اس کی جی ڈی پی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کی وجہ سے چین میں بیرونی سرمایہ کاری میں بھی ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے۔ چین کی وزارت تجارت کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2021ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران چین میں حقیقی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 302.47 ارب یوان ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 39.9 فیصد زیادہ ہے۔