لاہور: سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2021 کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران پاکستان کی 9 ممالک کو برآمدات میں 5.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
مقامی میڈیا کے تجزیاتی اعدادوشمار کے مطابق ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی چین کو برآمدات میں اضافہ ہوا مالی سال 2021 کے پہلے 9 ماہ میں برآمدات میں 8.4 فیصد شرح نمو میں اضافے سے برآمدات 1.407 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی جبکہ مالی سال 2020 کی اسی مدت کے دوران مذکورہ برآمدات کا حجم 1.298 ارب ڈالر تھا۔
جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں پاکستان کی افغانستان کو برآمدات میں 5.57 فیصد کمی آئی جو گزشتہ مالی سال کی برآمدات کے 790.377 ملین ڈالر سے کم ہو کر 746.328 ملین ڈالر پر آ گئی۔
ملک کی بھارت کو برآمدات بھی 90.5 فیصد گراوٹ کا شکار رہیں اور گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے 23.167 ملین ڈالر سے کم ہو کر 2.197 ملین ڈالر پر آ گئیں۔ بھارت کو برآمدات مالی سال 2019 کے 311.958 ملین ڈالر کے مقابلے میں 2020 میں 90.8 فیصد کمی سے 28.644 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
اسی طرح زیرِ جائزہ 9 ماہ کی مدت کے دوران ایران کو پاکستانی برآمدات میں 374 فیصد اضافہ ہوا جو 0.055 سے بڑھ کر 0.261 ملین ڈالر تک جا پہنچی۔ تہران کے ساتھ زیادہ تر تجارت بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں غیررسمی چینلز کے ذریعے کی گئی۔
مالی سال 2021 کے جولائی تا مارچ کے دوران بنگلہ دیش کو برآمدات میں 13.56 فیصد گراوٹ دیکھی گئی جو 574.038 ملین ڈالر سے کم ہو کر 438.418 ملین ڈالر پر آ گئی۔ اسلام آباد نے حالیہ ڈھاکہ کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بحالی اور دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے بات چیت کی تھی۔
اسی طرح مذکورہ پہلے 9 ماہ کے دوران سری لنکا کو برآمدات میں بھی 24.2 فیصد کمی دیکھی گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 245.131 ملین ڈالر سے کم ہو کر 185.883 ملین ڈالر پر آ گئی۔
دوسری جانب مالی سال 2021 کے ابتدائی 9 ماہ میں نیپال کو برآمدات میں بھی 82.6 فیصد کمی کا سامنا کرنا پڑا جو گزشتہ برس کے 20.178 ملین ڈالر سے کم ہو کر 3.502 ملین ڈالر رہی جبکہ مالدیپ کو برآمدات میں بھی 28.96 فیصد کمی آئی اور یہ برآمدات 5.693 ملین ڈالر سے کم ہو کر 4.044 ملین ڈالر رہیں۔
2021 کے 9 ماہ کے دوران بھوٹان کو 0.043 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئیں جبکہ گزشتہ برس 0.094 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔ مارچ میں مالدیپ کو کوئی برآمدات نہیں بھیجی گئی تھیں۔