راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی لاگت میں 25 ارب اضافہ، وزیراعظم کا تحقیقات کا حکم

رنگ روڈ کی حد بندی میں تبدیلی کرکے بااثر سیاستدانوں اور بارسوخ گروہوں کے ایماء پر مخصوص ہائوسنگ سوسائٹیز کو فائدہ پہنچانے کا الزام

2117

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان  نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں تبدیلی کے بعد اس کی کی لاگت میں 25 ارب روپے اضافے کے انکشاف کے بعد نوٹس لے لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ کچھ بااثر گروہوں کے ایماء پر منصوبے کی حد بندی تبدیل کی گئی جس کی وجہ سے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی لاگت میں اضافہ ہو گیا ہے اور اس طرح ٹیکس دہندگان پر کم از کم 25 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

شکایت موصول ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو رنگ روڈ منصوبے کی حد بندی میں مبینہ تبدیلی کی جامع تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران اس امر کا جائزہ لیا جائے گا کہ کیا واقعی منصوبے کی حد بندی اور سڑک کی چوڑائی میں مخصوص نجی ہاﺅسنگ سوسائٹیز، بااثر سیاستدانوں اور مفاد پرست گروپوں کے ایماء پر فائدہ پہنچانے کیلئے تبدیلی کی گئی؟

ذرائع کے مطابق راولپنڈی رنگ روڈ کا تخمینہ ابتدائی طور پر 40 ارب روپے لگایا گیا تھا، تحقیقات میں جائزہ لیا جائے گا کہ کیا اصل منصوبے میں تبدیلی کی گئی ہے اور اگر کی گئی تو کیوں؟ اور کس کو فائدہ پہنچانے کیلئے تبدیلی کی گئی؟

تحقیقات کے بعد ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے گا اور جو حکام ماسٹر پلان میں کسی غیر قانونی تبدیلی کے مرتکب ہوئے ہیں، ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here