تیل و گیس کی تلاش کیلئے مزید 6 بلاکس کے لائسنس جاری

ایکسپلوریشن کمپنیاں 2 کروڑ 46 لاکھ 80 ہزار ڈالر سرمایہ کاری کریں گی، ہر بلاک میں سالانہ کم از کم 30 ہزار ڈالر سماجی بہبود کی سکیموں پر خرچ کئے جائیں گے

828

اسلام آباد: وزارت پٹرولیم نے تیل و گیس کی تلاش کے لیے مزید چھ بلاکس کے لائسنس جاری کر دیئے ہیں۔

جمعہ کو اس حوالے سے معاہدے پر دستخط وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کی موجودگی میں ہوئے، حکومت کی جانب سے سیکرٹری پٹرولیم اسد حیاءالدین اور ڈائریکٹر جنرل پٹرولیم کنسیشنز عبدالجبار میمن نے معاہدے پر دستخط کیے۔

جبکہ مینجنگ ڈائریکٹر آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) شاہد سلیم خان، مینجنگ ڈائریکٹر نشاط چونیاں پاور لمیٹڈ (این سی پی ایل) فہیم حیدر اور مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) معین رضا خان نے اپنی اپنی کمپنیوں کی طرف سے معاہدے پر دستخط کئے۔

معاہدے کے مطابق جن بلاکس پر تیل اور گیس کی تلاش کے لیے لائسنس جاری کئے گئے ہیں ان میں قلعہ سیف اللہ بلاک، شاران بلا، سجاول سائوتھ بلاک اور جہلم کے دو بلاک شامل ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پٹرولیم کنسیشنز نے بتایا کہ تین سال کی مدت میں ایکسپلوریشن کمپنیاں دو کروڑ 46 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی اور ہر بلاک میں سالانہ کم از کم 30 ہزار ڈالر سماجی بہبود کی سکیموں پر خرچ کئے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ ایکسپلوریشن سرگرمیوں سے ملک میں تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافہ ہو گا اور روزگار کے سینکڑوں مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

وزارت پٹرولیم کے مطابق تیل و گیس کی تلاش کیلئے تین بلاک آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے حاصل کئے، دو بلاکس کا لائسنس او جی ڈی سی ایل اور ماڑی پٹرولیم نے مشترکہ طور پر لیا جبکہ ایک بلاک پر او جی ڈی سی ایل کی پاکستان پٹرولیم کمپنی کیساتھ شراکت داری ہو گی۔

معاہدے کے تحت تمام ایکسپلوریشن کمپنیاں سالانہ بنیادوں پر خطیر رقم ہر بلاک کے گردونواح میں سماجی تحفظ اور بہبود کے منصوبوں پر خرچ کرنے کی بھی پابند ہوں گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here