‘پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ سے سالانہ 50 کروڑ ڈالر کی بچت ہو گی’

75 ریگولیٹری محکموں کو باہم مربوط کرنے کے ذریعے کارگو کلیئرنس کا دورانیہ دنوں سے کم ہو کر گھنٹوں میں رہ جائے گا: وزیراعظم عمران خان

821

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ 2021ء  سے درآمدات اور برآمدات میں آسانی ہو گی اور یہ حکومت کی تاریخی اصلاحات کا حصہ ہے۔

اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سے سالانہ 50 کروڑ ڈالر کی بچت ہو گی اور 75 ریگولیٹری محکموں کو باہم مربوط کرنے کے ذریعے کارگو کلیئرنس کا دورانیہ دنوں سے کم ہو کر گھنٹوں میں رہ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک آزاد اتھارٹی پاکستان سنگل ونڈو کا انتظام سنبھالے گی اور یہ بین الاقوامی راہداری اور تجارت کا مرکز بننے کی پاکستان کی صلاحیت میں اضافہ کرے گی۔

واضح رہے کہ 9 اپریل  کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ 2021ء  پر دستخط کیے تھے، ایکٹ کے تحت قومی اور بین الاقوامی تجارت میں آسانی کیلئے خودمختار ادارہ قائم کیا جائے گا۔

پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ کے تحت برآمدات، درآمدات اور ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلق تمام سہولیات ایک ہی نظام میں میسر ہوں گی، ادارے کے قیام سے کاروبار ی اخراجات میں کمی لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے: 

ایف بی آر نے پاکستان سنگل ونڈو ہیڈ آفس کا افتتاح کر دیا

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے پاکستان سنگل ونڈو بل 2021ء کی منظوری دیدی

اس کے علاوہ سرحد پار تجارت آسان بنانے اور مصنوعات کی تیز تر ترسیل میں مدد ملے گی، ادارے کے قیام سے ڈیٹا کی بروقت پراسیسنگ اور معیاری خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی، ادارہ گورننگ کونسل اور سیکرٹریٹ پر مشتمل ہو گا۔

اس سے قبل 3 اپریل 2021ء کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے عالمی تجارتی سہولتی معاہدے کے تحت پاکستان سنگل ونڈو ہیڈ آفس کا افتتاح کیا تھا جو پاکستان کسٹمز نے اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی بجائے محض چھ کروڑ 70 لاکھ ڈالر میں جون 2022ء کی مقررہ مدت سے قبل مکمل کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کسٹمز کو سرحد پار تجارتی قواعد کو بہتر بنانے اور تجارتی آسانی کے لئے اس پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔ اس نئے نظام کی مقررہ تاریخ تک عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے ایف بی آر نے پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کو فعال کر دیا ہے۔

اس پراجیکٹ کے تحت دیگر پبلک سیکٹر اداروں میں جاری ڈیجیٹائزیشن کا عمل ان اداروں کی استعداد کار کو بڑھائے گا۔ پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے پاکستان کی تجارتی راہداریوں پر تجارت کو فروغ ملے گا اور دوسرے ممالک میں رائج سنگل ونڈو نظام میں انضمام ممکن ہو پائے گا۔ پاکستان سنگل ونڈو کے باعث برآمدات اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور یہ نظام پاکستان کے تجارتی انفارمیشن پورٹل کی حیثیت اختیار کر لے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here