وفاقی کابینہ نے برآمدات میں اضافہ کیلئے رجسٹریشن اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی

لاہور سمیت پانچ شہروں میں رینجرز تعیناتی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری دیدی، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

736

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کابینہ نے ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے رجسٹریشن اتھارٹی کے قیام، لاہور سمیت پانچ شہروں میں رینجرز تعیناتی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ کی کاغذی کارروائی کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل ہو چکی ہے جس سے قومی خزانے کو 51 کروڑ روپے سالانہ کی بچت ہو گی۔ چاہتے ہیں کہ اسمبلیاں بھی جلد از جلد پیپر لیس ہوں، کابینہ ارکان کو آئندہ ہفتے ٹیبلیٹ دیئے جائیں گے اور کابینہ کی کارروائی پیپر لیس ہو گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر نے کابینہ کو بریفنگ میں کابینہ کو بتایا کہ اگر رمضان کے پہلے دو ہفتوں میں صورت حال میں بہتری نہیں آئی تو عید شاپنگ سے کورونا میں مزید تیزی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ کورونا ویکسین کی خریداری پر ہے اور ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے باعث صورت حال تشویشناک ہے۔ ویکسین کی درآمد سے متعلق کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے راولپنڈی، گوجرانوالہ، جہلم، لاہور اور بہاول پور میں رینجرز کی تعیناتی اور اسلام آباد میں قانونی چارہ جوئی کے لیے سہولت مرکز کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں سٹوڈنٹس ویزاء فیس میں کمی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وراثتی سرٹیفکیٹ کیلئے پاکستان نہیں آنا پڑے گا بلکہ بیرون ملک سفارت خانوں سے ہی وراثتی سرٹیفکیٹ مل جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی بھی منظوری دے دی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ لاہور میں دو منصوبوں کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی گئی، والٹن میں 318 ایکڑ پر محیط نیا تجارتی مرکز آئندہ 18 ماہ میں قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے رجسٹریشن اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی گئی ہے، پاکستانی آموں اور قیمتی پتھروں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ وفاقی کابینہ میں ممکنہ ردوبدل کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل حتمی مرحلے میں ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی ریاست ہے، فیصلے کسی گروپ پر نہیں چھوڑ سکتے، مطالبات پر بات ہو سکتی ہے تاہم ڈکٹیشن کسی صورت ریاست کے حق میں نہیں۔ کوئی گروہ پاکستان کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی میں اجلاس میں ملکی معیشت سے متعلق امور پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا، رواں مالی سال ملکی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، معاشی شرح نمو تین فیصد ہے جس میں پانچ فیصد سے زیادہ اضافہ متوقع ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here