لاہور: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اپریل 2021ء کے لیے درآمدی ایل این جی کی قیمت میں اضافے کا اعلان کر دیا۔
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے لیے ایل این جی کی فی یونٹ قیمت میں 0.17 ڈالر اور سوئی سدرن پر ایل این جی کی قیمت میں 0.16 ڈالر فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔
سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 9.763 ڈالر فی یونٹ مقرر کی گئی ہے جب کہ سوئی سدرن پر ایل این جی کی نئی قیمت 9.477 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔
سوئی ناردرن سسٹم پر مارچ میں ایل این جی کی قیمت 9.59 ڈالر فی یونٹ تھی، جب کہ سوئی سدرن سسٹم پر مارچ میں ایل این جی کی قیمت 9.31 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اوگرا نے مارچ کے لیے درآمدی ایل این جی کی قیمت میں کمی کر دی تھی، سوئی ناردرن سسٹم کے لیے ایل این جی کی فی یونٹ قیمت میں 0.02 ڈالر کمی کی گئی، جب کہ سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 0.04 ڈالر فی یونٹ کمی کی گئی تھی۔