ایف بی آر نے پاکستان سنگل ونڈو ہیڈ آفس کا افتتاح کر دیا

پاکستان سنگل ونڈو کے باعث برآمدات اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور یہ نظام پاکستان کے تجارتی انفارمیشن پورٹل کی حیثیت اختیار کر لے گا

769

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عالمی تجارتی سہولتی معاہدے کے تحت پاکستان سنگل ونڈو ہیڈ آفس کا افتتاح کر دیا۔

چئیرمین ایف بی آر نے اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پراجیکٹ لاگت کو 16 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے کم کرکے محض چھ کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک لانے اور جون 2022ء کی مقررہ مدت سے قبل پراجیکٹ کے افتتاح پر پاکستان کسٹمز کی تعریف کی۔

وزیر اعظم نے پاکستان کسٹمز کو سرحد پار تجارتی قواعد کو بہتر بنانے اور تجارتی آسانی کے لئے اس پراجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔ اس نئے نظام کی مقررہ تاریخ تک عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے ایف بی آر نے پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کو فعال کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: ایف بی آر نے 9 ماہ میں مقررہ ہدف سے 100 ارب روپے زائد ٹیکس جمع کر لیا

پاکستان سنگل ونڈو کمپنی حکومت پاکستان کو معاونت فراہم کر رہی ہے تا کہ وہ اس قومی اہمیت کے نظام کو اختیار کرکے سرحد پار تجارت، لاجسٹکس اور مالیاتی ٹرانزیکشنز کی بہتر انداز میں نگرانی کر سکے۔

اس موقع پر ممبر کسٹمز آپریشنز ایف بی آر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسٹمز انتظامیہ آٹومیشن میں حاصل کردہ قابلیت کو بروئے کار لا کر دیگر پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر اداروں کو بھی معاونت فراہم کر رہی ہے تا کہ درآمدات، برآمدات اور ٹرانزٹ ٹریڈ کی بہتر نگرانی ممکن ہو۔

اس پراجیکٹ کے تحت دیگر پبلک سیکٹر اداروں میں جاری ڈیجیٹائزیشن کا عمل ان اداروں کی استعداد کار کو بڑھائے گا۔ پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے پاکستان کی تجارتی راہداریوں پر تجارت کو فروغ ملے گا اور دوسرے ممالک میں رائج سنگل ونڈو نظام میں انضمام ممکن ہو پائے گا۔ پاکستان سنگل ونڈو کے باعث برآمدات اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور یہ نظام پاکستان کے تجارتی انفارمیشن پورٹل کی حیثیت اختیار کر لے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here