لاہور: مارچ 2021ء کے دوران پاکستان کی برآمدات 2.3 ارب ڈالر سے زائد ریکارڈ کی گئیں، فروری 2021ء کے مقابلے میں برآمدات میں 13.4 فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ 10 سالوں میں ماہانہ اعتبار سے سب سے زیادہ برآمدات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے مختلف ٹویٹس میں کہا کہ اعدادوشمار کے مطابق مارچ 2021 میں قومی برآمدات 2.345 ارب ڈالر سے متجاوز رہیں۔ یہ فروری 2021ء کے مقابلے میں 13.4 فیصد زیادہ ہیں جبکہ ماہانہ لحاظ سے گزشتہ 10 سالوں میں سب سے زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مارچ 2021ء کے دوران گزشتہ سال 2020ء کی اسی مدت کے مدت کے مقابلے میں برآمدات 13.4 فیصد اضافے سے 2.345 ارب ڈالر رہی ہیں یہ کسی ایک ماہ کے دوران گزشتہ 10 سالوں کی بلند ترین سطح ہے۔
مشیر تجارت نے کہا کہ رواں مالی کے 9 ماہ جولائی تا مارچ 2020.21ء کے دوران برآمدات 7 فیصد اضافے سے 18.669 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 17.451 ارب ڈالر تھیں۔
رزاق دائود کے مطابق مالی سال کے 9 ماہ کے دوران درآمدات 12 فیصد اضافے کے ساتھ 39.210 ارب ڈالر رہیں ہیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 34.817 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر پیٹرولیم، گندم، سویا بین، مشینری، خام مال، کیمیکلز، موبائلز، کھاد، ٹائروں اور اینٹی بائیوٹکس اور ویکسینز کی درآمدات میں اضافے کی وجہ سے مارچ میں درآمدات 5.3 ارب ڈالر تک بڑھیں۔