عالمی بینک کی پاکستان کے گرین اسٹیمولس پروگرام کیلئے 12 کروڑ ڈالر امداد کی منظوری

ورلڈ بینک انتظامیہ پاکستان کے ماحولیاتی تحفظ سے متعلق منصوبوں سے متاثر ہے جن میں ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام سرِ فہرست ہے جسے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، کنٹری ڈائریکٹر

891

اسلام آباد:  عالمی بینک نے پاکستان کے گرین اسٹیمولس منصوبہ کے تحت 12 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے اس حوالے سے ہر سطح پر مالی و تکنیکی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

گزشتہ روز عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے ملاقات میں وزیرِ اعظم عمران خان کے سر سبز پاکستان اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق منصوبوں خصوصاً گرین اسٹیمولس پروگرام کے لیے تمام تر مالی اور تکنیکی معاونت کی منظوری کے بارے میں آگاہ کیا۔

عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے وزیر اعظم عمران خان کے سر سبز پاکستان کے ویژن، ماحولیاتی تحفظ اور کورونا کے باعث بے روزگار ہونے والے افراد کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں کی حمایت کی یقین دہانی کروائی۔

ناجی بن حسائن نے بتایا کہ ورلڈ بینک کی انتظامیہ وزیراعظم پاکستان کے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق منصوبوں سے متاثر ہے جن میں ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام سرِ فہرست ہے جسے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔

معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کورونا وباء کے دوران کاروباری سرگرمیوں میں کمی اور بہت سے محکموں میں مالی مسائل کے سبب بے روزگار ہونے والے نوجوانوں کے لیے گزشتہ برس اپریل میں یہ منصوبہ شروع کیا تھا، اس منصوبہ کے تحت 85 ہزار نوکریاں دی جا چکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی گرین اسٹیمولس پروگرام کے تحت ملک بھر میں ایک لاکھ گرین جابز فراہم کرے گی۔ یہ روزگار ان نوجوانوں کو ٹین بلین ٹری سونامی، پروٹیکٹیڈ ایریا انیشی ایٹیو اور ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق دیگر پراجیکٹس کے تحت دیئے جائیں گے۔

ملک امین اسلم کے مطابق گرین جاب کرنے والا ہر نوجوان روزانہ 800 روپے سے ایک ہزار روپے تک کما سکے گا۔ منصوبے کے تحت ملک بھر میں کروڑوں نئے درخت بھی لگائے جائیں گے۔ گرین جابز کی فراہمی سے ان نوجوانوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ذمہ داری کا احساس اور شعور بھی بیدار ہو گا اور نوجوان اپنے اپنے علاقوں میں جنگلات کا تحفظ اور درخت لگا کر آمدن کما سکیں گے۔

معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وبا کے دوران گرین جابز کا اعلان کیا تھا اور ہم نے وہ وعدہ پورا کر دکھایا تاہم پورے پاکستان میں پانچ سے چھ ماہ کے اندر نوکریاں دینے کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

دریں اثناء فریقین نے متعدد سماجی اور معاشی شعبوں میں عالمی سطح پر کووڈ-19 اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرناک نتائج کے خاتمے کے لئے بھی تعاون کرنے کا عزم کیا۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ واقعی متاثر کن ہے کہ محدود مالی وسائل کے باوجود پاکستان نے کلین گرین پروگرام کے تحت وبائی امراض کی وجہ سے ہزاروں بے روزگار افراد کو سبز روزگار کا موقع فراہم کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here