امریکا کو پاکستانی برآمدات میں 11 فیصد اضافہ، تین ارب ڈالر سے متجاوز

848

اسلام آباد: پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 7.66 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جاری مالی سال کے دوران امریکا کو پاکستانی برآمدات میں اضافہ جبکہ امریکا سے درآمدات میں کمی کا رحجان دیکھنے میں آیا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم تین ارب 8 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے مقابلہ میں 11.86 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم دو ارب 75 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

فروری 2021ء میں امریکا کو 40 کروڑ 19 لاکھ 40 ہزار ڈالر کی برآمدات بھیجی گئیں، گزشتہ سال فروری میں امریکا کو پاکستانی برآ مدات کا حجم 31 کروڑ 48 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر فروری 2021ء تک کی مدت میں امریکا سے ایک ارب 46 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے مقابلہ میں 0.20 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں امریکا سے درآمدات پر ایک ارب 47 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔

فروری 2021ء میں امریکا سے درآمدات کا حجم 23 کروڑ 65 لاکھ 30 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ سال فروری میں امریکا سے درآمدات پر 24 کروڑ 73 لاکھ 60 ہزار ڈالر زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔

مالی سال 2020ء میں امریکا کو پاکستانی برآمدات کا مجموعی حجم تین ارب 89 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ درآمدات کا مجموعی حجم دو ارب 26 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here