اسلام آباد: کووڈ۔19 کی عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے خصوصی طور پر زیادہ متاثر ہوئے ہیں جس کی وجہ سے دیگر معاشی مشکلات کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کی شرح میں بھی خوفناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں چند بڑی کمپنیوں کی طاقت میں اضافہ سے وسط مدتی شرح نمو، ایجادات اور سرمایہ کاری متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ کورونا بحران کے دوران بڑے ادارے مزید مستحکم جبکہ چھوٹے ادارے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
اس طرح کی صورت حال میں کووڈ۔19 بحران سے بحالی کا عمل بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ مزید برآں اس سے ترقی کرنے کی صلاحیت کی حامل کمپنیوں کی کارکردگی پر بھی منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں کام کرنے والی کمپنیوں کے لئے ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پہلے سے بہت بڑھ گئی ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے دنیا بھر کی حکومتوں کو چاہیے کہ ہسپتالوں سے لے کر ٹیکنالوجی کی کمپنیوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے اقدامات کریں تاکہ معیشت کے تمام شعبوں کی کارکردگی کو فروغ حاصل ہو جس سے پائیدار ترقی کے عالمی ایجنڈا کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا جا سکے گا۔
آئی ایم ایف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے مسائل کے خاتمہ کے لئے اقدامات کرے تاکہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے خطرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔