اسلام آباد: پاکستان میں اسلامی بینکاری کا شعبہ روز افزوں ترقی کی جانب گامزن ہے، رواں مالی سال کے دوران اسلامی بینکاری کے اثاثوں میں 30 فیصد اور کھاتوں میں سالانہ بنیادوں پر 27.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کی دوسری سہ ماہی (اکتوبر سے دسمبر 2020ء) کے دوران اسلامی بینکاری کے مجموعی اثاثہ جات کا حجم تین ارب 28 کروڑ 40 لاکھ روپے اور کھاتوں کا حجم دو ارب 65 کروڑ 20 لاکھ روپے ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ کیلینڈر سال کے اختتام پر اسلامی بینکاری کے اداروں کی تعداد 22 تھی۔ سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق اسلامی بینکنگ کی شاخوں کی تعداد میں سالانہ بنیادوں پر سات فیصد جبکہ اسلامک بینکنگ ونڈوز کی تعداد میں 19.3 فیصد کی بڑھوتری دیکھنے میں آئی ہے۔
دسمبر 2019ء کے اختتام پر اسلامی بینکاری کی شاخوں کی تعداد تین ہزار 226 تھی جو دسمبر 2020ء میں بڑھ کر تین ہزار 456 ہو چکی ہے۔ اسی طرح دسمبر 2020ء کے اختتام پر اسلامی بینکنگ ونڈوز کی تعداد ایک ہزار 638 ہو چکی ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق بینکاری کی صنعت میں اسلامی بینکاری کے اثاثوں اور کھاتوں میں سالانہ بنیادوں پر بالترتیب 17 فیصد اور 18.3 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔