کراچی: جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کسٹمز حکام نے سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی اور اپنے جسم کے مختلف اعضاء میں چھپا کر منشیات سمگل کرنے والے دو غیرملکیوں کو گرفتار کر لیا۔
فیڈرل بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے سمگلنگ کے تدارک کے وژن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر تعینات کسٹمز اہلکاروں نے منشیات اور ممنوعہ اشیاء کی غیر قانونی نقل و حرکت کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ جناح ائیرپورٹ پر کریک ڈاؤن کو جاری رکھتے ہوئے کسٹمز اہلکاروں نے 2.4 کلو گرام کوکین بر آمد کر لی جو افریقی ملک سے براستہ قطر سفر کرنے والے دو مسافروں نے اپنے جسم کے مختلف اعضاء میں 161 کیپسولز کی صورت میں چھپا رکھی تھی۔
ایف بی آر کے مطابق ضبط شدہ منشیات کی مالیت چار کروڑ 90 لاکھ روپے ہے، دونوں غیر ملکی باشندوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔