اسلام آباد: وزارتِ تجارت نے ایکسپورٹ ویلیو چین کو مسابقتی بنانے کے لیے برآمدات سے متعلق منصوبوں کے لیے 95 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد کی زیرِصدارت ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) کے بورڈ آف ایڈمنسٹریٹرز کا 19واں اجلاس ہوا جس میں برآمداتی منصوبوں کے لیے 95 کروڑ روپے فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کمیٹی نے چمڑے، کٹلری، ماہی پروری، ٹیکسٹائل، سپورٹس مصنوعات اور گارمنٹس وغیرہ جیسے برآمداتی شعبوں کے فروغ سے متعلق مختلف تجاویز پر غوروخوض کیا۔
یہ بھی پڑھیے:
فروری 2021ء کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 3 فیصد کمی
وزارت تجارت نے ای کامرس کے حوالے سے نئے قوانین متعارف کرا دیے
یہ فنڈز فیصل آباد میں قائم پاکستان ٹیکسٹائل ٹیسٹنگ فاؤنڈیشن اور کراچی گارمنٹ سٹی کمپنی میں چمڑے کو ٹیسٹ کرنے والی لیبارٹری کے آلات کی بہتری اور اپ گریڈنگ کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہائی سکین ایکس رے انسپیکشن سسٹم کی تنصیب، سارک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کی عمارت کی تعمیر اور ٹونا مچھلی کی برآمدات کے لیے آئی او ٹی سی کے قواعد سے مطابقت کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران مالی سال 2021-22ء کے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ 8.9 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی جو ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج کی مد میں رواں مالی سال کے دوران اکٹھا ہو گا۔