اسلام آباد: بینک آف پنجاب (بی او پی) کامیاب جوان پروگرام کی توسیع اور پنجاب روزگار سکیم کے تحت ڈیری فارمرز کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرے گا۔
اس حوالے سے بینک آف پنجاب اور حلیب فوڈز لمیٹڈ (ایچ ایف ایل) نے معاہدہ پر دستخط کر دیے ہیں، معاہدہ کے تحت بینک آف پنجاب حلیب فوڈز کے ساتھ منسلک ڈیری فارمرز کو مالی وسائل کی آسان فراہمی یقینی بنائے گا۔
ڈیری فارمرز کو آسان شرائط اور کم شرح سود پر قرضے فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ اپنے ڈیری فارمنگ کے موجودہ کاروبار کی توسیع اور جدید ٹیکنالوی سے استفادہ کر سکیں۔
اس حوالے سے بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام اور پنجاب روزگار سکیم کے تحت بھی قرضے دے رہے ہیں تاہم ڈیری فارمرز کو قرض فراہمی کا فیصلہ اس لیے کیا ہے تاکہ نئے کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند نوجوانوں کو قرضوں کی دستیابی بااختیار بنانے کے حکومتی اقدامات کو مزید تقویت ملے۔
اس حوالے سے حلیب فورڈز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سید مظہر اقبال نے کہا کہ عوام کے وسیع تر مفاد میں اس اقدام کا حصہ بننے پر انہیں فخر ہے جس سے پنجاب میں غیرمنظم اور چھوٹے پیمانے کی ڈیری فارمنگ کے کاروبار کو وسعت ملے گی۔
انہوں نے ڈیری فارمرز پر زور دیا کہ وہ بینک آف پنجاب سے کم شرح سود اور آسان شرائط پر قرض کی سہولت حاصل کر کے اپنے ڈیری فارمز کو جدید خطوط پر استوار کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت حبیب فوڈز لمیٹڈ کا دودھ اکٹھا کرنے کا نیٹ ورک پنجاب کے 11 اضلاع میں موجود ہے جس کو مزید توسیع دی جائے گی۔