سندھ گندم چوری سکینڈل، اینٹی کرپشن نے ملزم سے 8 کروڑ روپے ریکور کر لیے

934

کراچی: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) سندھ نے گندم چوری سکینڈل میں 8 کروڑ روپے ریکور کر لیے۔

کرپشن الزامات کا سامنا کرنے والے لاڑکانہ کے فوڈ سپروائزر منتھار علی نورانی نے اینٹی کرپشن سندھ کو رضاکارانہ طور پر آٹھ کروڑ روپے واپس کر دیے۔ ملزم پر سرکاری گندم کے 34 ہزار سے زائد تھیلے چرانے کا الزام تھا جن کی مالیت 8 کروڑ روپے سے زائد تھی، اس حوالے سے ملزم کے خلاف انکوائری جاری تھی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سندھ طارق چانڈیو کے مطابق ملزم نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو 8 کروڑ روپے مالیت کے چیک جمع کرا دیے ہیں۔ اگرچہ ملزم نے خردبرد کیے گئے فنڈز واپس کر دیے ہیں لیکن پھر بھی اسے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) سندھ نے صوبائی محکمہ خوراک کے حکام کے خلاف انکوائری کے دوران گندم چوری سکینڈل میں 10 ارب روپے سے زائد ریکور کیے تھے۔

نیب رپورٹ کے مطابق سندھ کے 9 اضلاع میں 15 ارب روپے مالیت سے زائد کی گندم چوری ہوئی جس کے نتیجے میں سکھر میں محکمہ خوراک کے حکام کے خلاف 9 مختلف انکوائریاں جاری تھیں۔ فلور ملز مالکان نے نیب کی تفتیش کے دوران 2.112 ارب روپے کی پلی بارگین کی تھی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here