اسلام آباد: رواں مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی سات ماہ کے دورا ن پاکستانی مصالحہ جات کی برآمدات میں 7.94 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں جولائی تا جنوری 2020-21ء کے دوران برآمدات کا حجم 5 کروڑ 24 لاکھ 89 ہزار ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 4 کروڑ 86 لاکھ 27 ہزار ڈالر کے مصالحہ جات برآمد کیے گئے تھے۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ میں مصالحوں کی ملکی برآمدات میں 38 لاکھ 62 ہزار ڈالر یعنی 7.94 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی بی ایس کے مطابق سات ماہ کے دوران بالحاظ وزن مصالحہ جات کی برآمدات 6.72 فیصد اضافہ سے 12 ہزار 166 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 12 ہزار 984 میٹرک ٹن تک بڑھ گئیں۔
اسی طرح جنوری 2020ء کے مقابلہ میں جنوری 2021ء کے دوران مصالحہ جات کی برآمدات میں 18.02 فیصد اضافہ ہوا ہے اور جنوری 2020 کی 93 لاکھ 43 ہزار ڈالر کی برآمدات کے مقابلہ میں جنوری 2021 کے دوران مصالحوں کی برآمدات ایک کروڑ 10 لاکھ 27 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق دسمبر 2020ء کے مقابلہ میں جنوری 2021ء کے دوران بھی مصالحہ جات کی ملکی برآمدات میں 9.12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور برآمدات کا حجم ایک کروڑ 10 لاکھ پانچ ہزار ڈالر کے مقابلہ میں ایک کروڑ 10 لاکھ 27 ہزار ڈالر تک بڑھ گئیں۔