واشنگٹن: امریکی سرمایہ کار اور برکشائر ہیتھ وے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وارن بفٹ (Warren Edward Buffett) کے اثاثے 100 ارب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں۔
یوں 90 سالہ وارن بفٹ ایمیزون کے بانی جیف بزوز، ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک، ایل وی ایم ایچ گروپ کے ڈائریکٹر برنارڈ آرنلڈ اور مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس جیسے ارب پتی کاروباریوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
فوربز میگزین کی گزشتہ روز شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق امریکی سرمایہ کار اور بین الاقوامی سطح کی کمپنی برکشائر کے سی ای او وارن بفٹ کے اثاثے بڑھ کر 100 ارب ڈالر کی لائن کراس کر چکے ہیں، اس سے ان کا شمار ارب پتی کاروباری شخصیات میں ہونے لگا ہے۔
اس سے قبل اس فہرست میں جیف بزوز 179.6 ارب ڈالر کے ساتھ اوّل، 165.1 ارب ڈالر کے ساتھ ایلون مسک دوم، 158.5 ارب ڈالر کے ساتھ برنارڈ آرنلڈ سوم اور 125.6 ارب ڈالر کے ساتھ بل گیٹس چوتھے نمبر پر ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز برکشائر ہیتھ وے کے شیئرز کے نرخ بڑھنے سے اس کا مالیاتی حجم بڑھ کر 100.3 ارب ڈالر کی حد کراس کر گیا، یہ پہلا موقع ہے کہ بفٹ کے اثاثوں کی مالیات نے اس حد کو پار کیا۔
وارن بف 60 سے زیادہ کمپنیوں کے مالک ہیں جن میں امریکی انشورنس کمپنی گیکو اور بیٹری ساز ڈیورا سیل بھی شامل ہیں۔