لاہور: نیسپاک نے ترک کمپنی ڈولسر کے ساتھ مشترکہ منصوبے کے تحت ازبکستان میں 24 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بولی جیت لی۔
اس حوالے سے مینجنگ ڈائریکٹر نیسپاک ڈاکٹر طاہر مسعود نے میڈیا کو بتایا کہ منصوبے کے تحت ازبکستان میں 24 میگاواٹ کی صلاحیت کے حامل تین ہائیڈرو پاور پلانٹ لگائے جائیں گے جبکہ 22 کلومیٹر تک کی 1100 کے وی ٹرانسمیشن لائنیں بھی اس منصوبہ میں شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی کل لاگت 75 ملین امریکی ڈالر ہے اور ازبکستان کی جائنٹ سٹاک کمپنی ازبک بائڈروئنرگو اس منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنا ئے گی، منصوبے کی تکمیل کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک مالیاتی معاونت فراہم کرے گا۔
ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ نیسپاک اور ڈولسر جائنٹ ونچر پروجیکٹ مینجمنٹ ، پرفارمنس مانیٹرنگ سمیت منصوبے کا ڈیزائن اور تعمیراتی نگرانی کیلئے کنسلٹنسی خدمات فراہم کرے گا، اس منصوبے سے قابل تجدید توانائی کی پیداوار میں اضافے اور ازبکستان کے قومی ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کو جیت کر نیسپاک نے بطور پاکستانی کمپنی وسط ایشیائی ریاستوں کی توانائی مارکیٹ میں قدم رکھا ہے جس سے نیسپاک کیلئے نئے افق کھل گئے ہیں۔
ترجمان نیسپاک کے مطابق عالمی تعمیراتی سیکٹر اور پروگرام مینجمنٹ سے وابستہ فرمز میں نیسپاک 13ویں نمبر پر موجود ہے، انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبے کو برقت متعین بجٹ میں مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں، اس سے پاکستان کیلئے زرمبادلہ حاصل کرنے میں مدد بھی ملے گی۔