خیبرپختونخوا ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے 24 ارب روپے لاگت کے 21 منصوبوں کی منظوری دیدی

655

پشاور: خیبرپختونخوا ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے صوبے میں ترقی کیلئے 24 ارب 49 کروڑ 95 لاکھ روپے لاگت کے 21 منصوبوں کی منظوری دے دی۔

گزشتہ روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ ترقی و منصوبہ سازی خیبرپختونخوا شکیل قادر خان کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پی ڈی ڈبلیو پی کے اراکین اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں مختلف شعبوں بشمول کھیل و سیاحت، اعلیٰ تعلیم، ابتدائی و ثانوی تعلیم ، سڑکوں کی تعمیر اور شہری ترقی کی 24 ترقیاتی سکیموں پر غوروخوض کے بعد 21 سکیموں کو منظور جبکہ تین سکیموں کو دستاویزات/ پی سی وَن میں کمی کے باعث موخرکر کے مزید اصلاح کیلئے متعلقہ محکموں کو بھیج دیا گیا۔

خیبرپختونخوا ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں کھیل و سیاحت کے شعبے میں پاڑہ چنار میں جناح سٹیڈیم میں سہولیات کی اپ گریڈیشن و بحالی کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح جنگلات کے شعبے میں خیبرپختونخوا میں بلین ٹری شجرکاری پراجیکٹ (فیز تھری) کی بھی منظوری دی گئی۔

ضلع صوابی میں ایری گیشن چینلز اور سیلاب سے بچائو کیلئے بحالی و تعمیر کے کام اور بدری نالہ کے کناروں پر زرعی زمینوں اور آبادی کو سیلاب سے بچانے کیلئے حفاظتی پشتوں کی تعمیر کی منظوری دی گئیں۔

اسی طرح صحت کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں ادویات ان کی سپلائی چین کی آئوٹ سورسنگ اور جان بچانے کیلئے ڈی ٹاک اور انسولین کی خریداری میں توسیع اور خیبرپختونخوا میں 12 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کے استحکام کے منصوبے شامل ہیں۔

پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں ریلیف و بحالی کے شعبے میں خیبرپختونخوا میں ریسکیو 1122 سٹیشنز کی تعمیر کیلئے اراضی کی خریداری کی منظوری دی گئی۔

اسی طرح کثیر شعبہ جاتی ترقی کے شعبے میں تحصیل خوازہ خیلہ کے پسماندہ علاقوں اور ضلع سوات کے ملحقہ علاقوں کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکج کی منظوری دی گئی۔

اعلی تعلیم کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں خیبر پختونخوا میں لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے 16 گورنمنٹ کالجز کے قیام کے تحت ضلع سوات میں گورنمنٹ ڈگری کالج خوازہ خیلہ، گورنمنٹ ڈگری کالج چار باغ سوات، گورنمنٹ ڈگری کالج سیدوشریف سوات اور گورنمنٹ ڈگری کالج پیر بابا گدیزئی بونیر کا قیام شامل ہے۔

پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں ابتدائی و ثانوی تعلیم کے شعبے میں ضم شدہ قبائلی اضلاع میں مفت درسی کتب کی فراہمی اور ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں آئی ٹی لیبز کے قیام کی منظوریاں دی گئیں۔

اسی طرح سڑکوں کے شعبے میں ضلع کرک میں 17 کلومیٹر بانڈہ دائود شاہ تک روڈ کی بہتری/توسیع، ضلع بونیر میں پیر بابا بائی پاس روڈ اور پیر بابا کلابٹ روڈ کی تعمیر اور کرک ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت احمد آباد تاعالم شیری روڈ کی بہتری و بحالی کی منظوریاں دی گئیں ۔

ڈی ڈبلیو ایس ایس کے شعبے میں ضلع سوات کے مختلف علاقوں مٹہ، خوازہ خیلہ وغیرہ کیلئے گریویٹی بیسڈ پانی کی فراہمی کی سکیموں کی تعمیر کی منظوری دی گئی جبکہ شہری ترقی کے شعبے میں ضم شدہ قبائلی اضلاع میں اربن پالیسی اور پلاننگ یونٹ کی منظوری دی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here