لاہور: پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مختلف ترقیاتی شعبہ جات کی پانچ سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر دو ارب 60 کروڑ 86 لاکھ 96 ہزار روپے کی منظوری دے دی۔
پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ عبداللہ خان سنبل نے زیرصدارت منعقد ہوا جبکہ صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر بلوچ سمیت متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔
صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں ٹریننگ لیبارٹری کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے ایک ارب 53 کروڑ 15 لاکھ 18 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔
ساہیوال شہر سے ریلوے کراسنگ جھل روڈ تک فلائی اوور کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 74 کروڑ 15 لاکھ 44 ہزار روپے، گوجرانوالہ میں عزیز کراس کے مقام پر فلائی اوور کی تعمیر (ترمیمی پی سی ٹو) کیلئے 19 کروڑ 18 لاکھ 21 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔
اسی طرح ڈائریکٹوریٹ آف اثاثہ جات مینجمنٹ کے قیام کے سلسلہ میں کنسلٹنٹس کی خدمات کے حصول (ترمیمی) کیلئے 10 کروڑ 17 لاکھ 3 ہزار روپے اور چولستان کے انٹیگریٹڈ ماسٹر پلان (پی سی ٹو) کیلئے 4 کروڑ 21 لاکھ 10 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔