اسلام آباد: سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 52 ارب روپے لاگت کے چھ ترقیاتی منصوبوں کی منظوی دے دی۔
گزشتہ روز سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں ٹرانسپورٹ اینڈ مواصلات کے شعبے سے متعلق 16.27 ارب روپے کی لاگت کے دو منصوبے منظور کئے گئے جبکہ آبی وسائل کے شعبے سے متعلق 35.69 ارب روپے کی لاگت کے چار منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن سیکٹر سے متعلق جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ان میں پہلا منصوبہ ڈکی سے چمالانگ تک 105 کلومیٹر بلیک ٹاپ روڈ کی تعمیر کا ہے جس میں 55 کلومیٹر کا لنک روڈ بھی شامل ہیں، اس منصوبے پر چھ ارب 51 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
اسی طرح خانی کراس سے زیارت تک 70 کلومیٹر روڈ اور زیارت سے سنجانی تک 64 کلومیٹر روڈ کی چوڑائی اور تعمیرومرمت کے لیے 9 ارب 75 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں آبی وسائل کے شعبے کے تحت کراچی میں نالوں کی بحالی، تعمیرومرمت اور صفائی کے منصوبوں کی منظوری دی گئی، ان میں محمود آباد نالے کی بحالی اور تعمیرومرمت کا منصوبہ شامل ہے جس پر 8 ارب 65 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
اسی طرح گوجر نالے کی بحالی اور تعمیرومرمت کے لیے 9 ارب 98 کروڑ روپے، اورنگی نالے کی تعمیرومرمت کے لیے 9 ارب 5 کروڑ اور لیاری ملیر نالے کی تعمیرومرمت کے کاموں کے لیے 8 ارب تین لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔
آبی وسائل سے متعلق تمام منصوبے نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے پیش کیے گئے تھے۔
اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ حمید یعقوب شیخ، پلاننگ کمیشن اور وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔