لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے اسلام آباد اور چترال کے درمیان پروازیں ڈیڑھ سال بعد بحال کر دی ہیں جو کورونا وبا کے باعث بند تھیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق چترال کے لیے پروازوں کی بحالی سے سیاحت کو فروغ ملے گا، اس روٹ پر ہفتہ وار دو پروازیں اڑائی جائیں گی اور یک طرفہ کرایہ پانچ ہزار 920 روپے لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ پی آئی اے نے کراچی تا سیالکوٹ روٹ پر دو پروازیں بڑھانے کا اعلان کیا ہے جن کا مقصد مسافروں اور کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
سیالکوٹ کراچی روٹ پر پی آئی اے کو حال ہی میں شروع ہونے والی ائیرسیال سے مسابقت کا بھی سامنا ہے کیونکہ وہ بھی اسی روٹ پر پروازیں اڑا رہی ہے۔
ائیرسیال کی وجہ سے ہی پی آئی اے نے اپنی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد دو سے بڑھا کر چار کر دی ہے، قومی فضائی کمپنی کے مطابق مذکورہ روٹ پر یک طرفہ کرایا ساڑھے سات ہزار روپے چارج کیا جائے گا۔
پانچ مارچ کو پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز نے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان اپنی فضائی سروس بحال کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس روٹ پر پہلی پرواز نے 8 مارچ (بروز سوموار) کو اڑان بھری۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق لاہور سے اسلام آباد روٹ پر ہفتہ وار تین پروازیں اڑائی جائیں گی۔
حال ہی میں پی آئی اے نے موسم بہار کے باعث سیاسحت کے فروغ کے لیے اندرون ملک پروازوں پر کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے، کرائے میں کمی لاہور، اسلام آباد اور کراچی کی پروازوں کے لیے کی گئی ہے۔