اسلام آباد: سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے گزشتہ ماہ 40 ہزار اور 25 ہزار روپے مالیت کے رجسٹرڈ پریمیم بانڈز کے ذریعہ 29 ارب روپے کی بچتیں حاصل کیں۔
سی ڈی این ایس کے ایک اہلکار نے سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کو بتایا کہ ادارے نے دونوں پریمیم بانڈز 40 ہزار اور 25 ہزار روپے مالیت کے بانڈز کی منسوخی کے بعد جاری کئے ہیں اور یہ اقدام معشیت کو دستاویزی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے: 25 ہزار کے معطل بانڈز کے بدلے شہریوں کو 115 ارب کی ادائیگی
انہوں نے کہا کہ 40 ہزار اور 25 ہزار روپے مالیت کے نئے پریمیم بانڈز سٹیٹ بینک آف پاکستان میں رجسٹرڈ ہوتے ہیں اور سٹیٹ بینک کے تحت رجسٹرڈ مالیاتی ادارے سے اس کے بدلہ میں کیش حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی این ایس نے دستاویزی معیشت کے اہداف کے حصول کے ضمن میں سرکاری اور نجی شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں، ان اقدامات کا مقصد مالیاتی نظام میں شفافیت لانا ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 25 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز کی واپسی کے ضمن میں یکم مارچ 2021ء تک اِن بانڈز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو 116 ارب روپے کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے چند ماہ قبل 25 ہزار روپے کے بانڈز معطل کر دئیے تھے اور ان کی واپسی کیلئے سرمایہ کاروں کو چھ ماہ کی ڈیڈلائن دی گئی ہے۔ 30 مئی تک ان بانڈز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مزید 45 ارب روپے کی ادائیگی کر دی جائے گی۔