پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے توانائی کے شعبے میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے صوبے میں بجلی کی تقسیم و ترسیل کے نظام کی بہتری کیلئے خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ کمپنی کو چلانے کا باقاعدہ لائسنس حاصل کر لیا۔
اس سلسلے میں وفاقی ادارے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے خیبرپختونخوا کو اپنی ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی کو چلانے کیلئے لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
نیپرا کے سیکشن 18 اے کے تحت لائسنس جاری ہونے کے بعد خیبرپختونخوا میں ہائیڈروپاور پلانٹس سے پیدا ہونے والی بجلی کو ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم سے منسلک کیا جائے گا اور نیشنل گرڈ میں بھی شامل کیا جا سکے گا جبکہ صوبے میں ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم سے بجلی کی بلاتعطل فراہمی بھی ممکن بنائی جا سکے گی۔
مزید برآں نیپرا نے 40 میگا واٹ کے کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ضلع لوئر دیر اور 69 میگاواٹ کے لاوی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ضلع چترال سے پیدا ہونے والی بجلی کی فروخت کے سلسلے میں ٹیرف مقرر کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔