راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا انٹرنیشنل ٹینڈر آئندہ ہفتے جاری ہو گا

64 کلومیٹر طویل رنگ روڈ چھ لین اور آٹھ انٹرچینج پر مشتمل ہو گی، فزیبلٹی سٹڈی مکمل، محکموں سے اجازت نامے حاصل کیے جا چکے

996

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ رنگ روڈ منصوبہ راولپنڈی شہر کے اندر ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو گا، شہریوں کے ٹریفک مسائل حل ہوں گے اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔

جمعرات کو کمشنر راولپنڈی محمد محمود نے وفاقی وزیر اسد عمر کو جڑواں شہروں کے فلیگ شپ منصوبہ رنگ روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت سے متلعق آگاہ کیا۔ اجلا س میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان اور وزارت منصوبہ بندی کے اعلی عہدیداران نے شرکت کی۔

بریفنگ میں کمشنر راولپنڈی محمد محمود نے وفاقی وزیر اسد عمر کو بتایا کہ رنگ روڈ کی تجویز کردہ لمبائی 64 کلومیٹر ہے جو روات سے شروع ہو گی اور اس کے بعد اسلام آباد سے منسلک ہونے کے لیے ایم-ٹو اور ایم–ون سے ہوتی ہوئی یہ سڑک این۔فائیو کو عبور کر کے سنگجانی پر اختتام پذیر ہو گی۔

انہوں بتایا کہ رنگ روڈ پر چھ لین اور آٹھ انٹرچینج ہوں گے، منصوبہ کی فزیبلٹی سٹڈی مکمل ہو چکی ہے، الائنمنٹ کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، پنجاب پبلک پرائیویٹ اتھارٹی کے ذریعہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کی تجویز بھی منظور ہو چکی ہے۔

کمشنر راولپنڈی نے بتایا کہ 65 کلومیٹر سنگجانی تک حد بندی کی جا چکی ہے، زمین کے حصول کیلئے معاوضہ کی ادائیگی بھی شروع ہو چکی ہے، سڑک کی تعمیر کیلئے مختلف محکموں سے ضروری اجازت نامے جاری کیے جا چکے ہیں، انٹرنیشنل ٹینڈر تیار ہے جو اگلے ہفتہ اخبارات میں دے دیا جائے گا۔

اس موقع پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ منصوبے کے امور کی ٹائم لائن جلد طے کرنے اور تیزی سے معاملات آگے بڑھایا جائے اس منصوبے کی طے کردہ ٹائم لائن میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے حالیہ پیش رفت کے حوالے سے راولپنڈی کی انتظامیہ کے کام کو سراہا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here