دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹ کو دو ارب ڈالر ٹیکس خسارہ

540

لندن: برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ کو گزشتہ برس کورونا وائرس کے باعث دو ارب ڈالر ٹیکس خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ کے چیف ایگزیکٹو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا وبا کے باعث مسافروں کی تعداد میں 73 فیصد کمی واقع ہوئی جس وجہ سے ایئرپورٹ کی ٹیکس آمدن میں کمی آئی ہے۔

ہیتھرو ایئرپورٹ دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ ہے، 2019ء میں اسے 54 کروڑ 60 لاکھ ڈالر قبل از ٹیکس ریکارڈ منافع حاصل ہوا تھا، سال2020ء سے قبل آخری بار 1970ء کی دہائی میں مسافروں کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے:

دنیا کا چوتھا مصروف ترین ائیرپورٹ ٹاپ 20 سے بھی باہر ہو گیا

یورپی ایئرپورٹس سے مسافروں کی آمدورفت میں ایک ارب 72 کروڑ کمی

جعلی لائسنس سکینڈل، ایک پائلٹ، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پانچ افسر گرفتار

چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ 2021ء میں پر امید ہیں کہ اس وبائی مرض کے خاتمے کے بعد محفوظ طریقے سے بین الاقوامی سفر اور تجارت کو بڑے پیمانے پر دوبارہ سے شروع کیا جائے گا، ہوائی آپریشن دوبارہ شروع ہونے سے ہزاروں ملازمین کی ملازمتیں بچ گئی ہیں اور معیشت بحال ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی سفری پابندیوں کی وجہ سے ایوی ایشن انڈسٹری اور ائیرپورٹس معاشی طور پر شدید متاثر ہوئے ہیں، یورپی یونین کی ایئرپورٹس کونسل کے مطابق یورپی ایئرپورٹس سے مسافروں کی آمدورفت میں واضح کمی ہوئی اور سال 2020ء کے دوران ان ایئرپورٹس سے سفر کرنے والوں کی تعداد 2019ء کے مقابلے میں ایک ارب 72 کروڑ (70 فیصد) کم رہی۔

کونسل کے مطابق یورپی یونین حکام کی جانب سے بلاک کے ایئرپورٹس کی معاونت کے لیے صرف 2.2 ارب یورو (2.66 ارب ڈالر) مختص کیے گئے ہیں جو ان کی 2020ء میں نقصان ہونے والی آمدنی کے 8 فیصد سے بھی کم ہیں۔

یورپی حکام کا کہنا تھا کہ یورپ کے وہ ایئرپورٹس جو بلاک کا حصہ نہیں وہ بلاک کی نسبت زیادہ متاثر ہوئے اور ان کی آمد و رفت میں سالانہ بنیاد پر 73 فیصد کمی آئی۔

ادھر دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے سبب 2020ء میں متحدہ عرب امارات کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی آمدورفت میں 70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

دبئی ائیرپورٹ کی آپریٹر کمپنی کے مطابق گزشتہ سال کورونا وبا کے سبب سفری خدمات کے شعبے میں عالمی پابندیوں کے باعث دبئی کے ہوائی اڈے پر مسافروں کی تعداد کم ہو کر دو کروڑ 59 لاکھ پر آ گئی ہے۔

انٹرنیشنل ائیرپورٹس کونسل کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 2019ء میں دبئی ائیرپورٹ دنیا کا چوتھا مصروف ترین ہوائی اڈہ تھا تاہم سال 2020ء کے دوران دو کروڑ 59 لاکھ مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے دبئی ائیرپورٹ دنیا کے پہلے 20 ہوائی اڈوں میں بھی شامل نہ ہو سکا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here