یونان میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں 77  فیصد اضافہ

جولائی سے جنوری 2021ء کے دوران یونان میں کام کرنے والے پاکستانی ورکرز نے 14 کروڑ 31 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا جبکہ گزشتہ سال آٹھ کروڑ آٹھ لاکھ ڈالربھیجے تھے

522

اسلام آباد: یونان میں کام کرنے والے پاکستانی ورکرز کی جانب سے ترسیلات زر ارسال کرنے کی شرح میں جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 77.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق جولائی سے لیکر جنوری 2021ء تک کی مدت میں یونان میں کام کرنے والے پاکستانی ورکرز نے 14 کروڑ 31 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ کے مقابلہ میں 77.2 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں یونان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے آٹھ کروڑ آٹھ لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان بھیجا تھا۔

یہ بھی پڑھیے:

سات ماہ کے دوران قطر سے 50 کروڑ ڈالر سے زائد ترسیلات زر  موصول

ترسیلات زر میں اضافہ، موڈیز کی جانب سے پاکستانی بینکوں کی مثبت کریڈٹ ریٹنگ برقرار

جنوری 2021ء میں یونان میں مقیم پاکستانیوں نے دو کروڑ 43 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جبکہ جنوری 2020ء میں ایک کروڑ پانچ لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا گیا تھا۔

حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی وجہ سے سمندر پار کام کرنے والے پاکستانی ورکرز کی جانب سے ترسیلات زر کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

جاری مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 16 ارب 47 کروڑ ڈالر پاکستان بھجوائے گئے ہیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہیں۔

سٹیٹ بینک کے مطابق سات ماہ کے دوران سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ چار ارب 51 کروڑ، متحدہ عرب امارات سے تین ارب 45 کروڑ، برطانیہ سے دو ارب 18 کروڑ، خلیجی ممالک سے ایک ارب 89 کروڑ، یورپی یونین سے ڈیڑھ ارب، امریکا سے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر ارسال کیے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here