واشنگٹن: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے گزشتہ سال 2020ء کی آخری سہ ماہی میں کورین ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے موبائل فونز کی عالمی مارکیٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی لیکن مکمل سال کی سیلز کے لحاظ سے سام سنگ ہی سرفہرست رہی۔
ایپل کو پہلی پوزیشن کا اعزاز آئی فون 12 کی ریکارڈ فروخت سے حاصل ہوا ہے جو سال 2020ء کی آخری سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر) میں سات کروڑ 99 لاکھ کی تعداد میں فروخت ہوا۔
آئی فون کی فروخت سال 2019ء کی آخری سہ ماہی کی سیل سے 15 فیصد زیادہ رہی اور دنیا بھر میں آئی فون 12 کے تمام ماڈلز کو ہی بے حد مقبولیت ملی جس کی وجہ سے کورونا کے باعث کمپنی کی سیلز پر پڑنے والے اثرات بھی زائل ہوتے نظر آئے۔
یہ بھی پڑھیے:
تین کمپنیاں پاکستان میں سمارٹ فون مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی خواہاں
کسٹمز نے پانچ کروڑ کے موبائل فونز سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
پاکستان میں موبائل فونز مینوفیکچرنگ کیلئے قواعدوضوابط متعارف
سات ماہ میں موبائل فونز کا درآمدی بل ایک ارب 13 کروڑ ڈالر تک جا پہنچا
ادھر سال 2020ء کی آخری سہ ماہی میں گلوبل سمارٹ فون مارکیٹ میں سام سنگ کی فروخت میں 11.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور سام سنگ کے چھ کروڑ 21 لاکھ یونٹ فروخت ہوئے۔
امریکی مارکیٹ ٹریکر گارنر (Gartner smartphone sales report) کے مطابق ایپل نے گلوبل سمارٹ فون مارکیٹ میں 20.8 حصہ داری حاصل کر کے 2016ء کے بعد ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ سام سنگ کی حصہ داری گھٹ کر 16.2 فیصد پر آ گئی ہے۔
گلوبل سمارٹ فون مارکیٹ میں چین کی کمپنی شیاﺅمی تیسرے اور اوپو چوتھے نمبر جبکہ پانچویں پوزیشن پر ہواوے ہے۔ ہواوے پر سال 2020ء کے دوران امریکی پابندیوں کے اثرات نمایاں رہے۔ صرف ایپل اور شیائومی دو ایسی کمپنیاں تھیں جن کی شرح نمو 2020ء کے دوران مثبت رہی۔
گارنر کے مطابق گزشتہ مکمل سال میں سمارٹ فونز کا دنیا بھر میں ٹاپ سیلر 18.8 فیصد شیئر کے ساتھ سام سنگ رہا جبکہ ایپل 14.8 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
کورونا کی عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں سمارٹ فونز کی سیل میں 12.5 فیصد کمی آئی ہے جس کے باعث 2019ء کے مقابلے میں سال 2020ء کے دوران ایک ارب 30 کروڑ سمارٹ فون کم فروخت ہوئے۔