سیاحت کے فروغ کیلئے وفاقی دارالحکومت میں سفاری ٹرین کا افتتاح

684

اسلام آباد: سیاحت کے فروغ کیلئے وفاقی دارالحکومت میں سفاری ٹرین کا افتتاح کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر ریلویز محمد اعظم خان سواتی اور چیئر مین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے ٹورسٹ سفاری ٹرین کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب گولڑہ ریلوے اسٹیشن پر منعقد ہوئی جس میں سینیٹر تاج محمد آفریدی، سینیٹر سجاد حسین طوری، مرزا محمد آفریدی، اورنگ زیب اورکزئی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ٹورسٹ ٹرین پر اتوار کے روز سیاحوں کو گولڑہ اسٹیشن سے حسن ابدال،اٹک خورد اور اٹک سٹی و گردو نواح کے مقامات سیر کرائی گئی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سفاری ٹرین کا تصور اچھا ہے جو تفریح اور سیاحت کے فروغ کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ ملک کے دیگر حصوں میں بھی اس ٹرین کو لے جایا جائے، ریلوے کیلئے دن رات محنت کی ضرورت ہے۔ اس سے پاکستان کے عوام اور معیشت پر بڑا فرق پڑے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سفاری ٹرین کی بدولت تاریخی و ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی اور سیاحت کے فروغ میں پاکستان ریلوے کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ امید ہے مستقبل میں بھی ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے جس سے نہ صرف ادارے کو منافع بخش بنایا جائے بلکہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں مدد ملے۔

اس موقع پر وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا کہ تاریخی گولڑہ ریلوے اسٹیشن سے ٹرین قدیم روٹ پر جائے گی جس سے پاکستان کا ثقافتی و تاریخی ورثہ دیکھنے کو ملے گا، میرا ترجیحی ایجنڈا ہے کہ ریلویز سے بدعنوانی کا خاتمہ کروں۔ ریلوے میں زیادہ تر اچھے افسر ہیں تاہم چند کالی بھڑیں ہیں جن کا چن چن کر خاتمہ کروں گا، جلد فریٹ ٹرین بھی شروع کریں گے۔

اعظم سواتی نے کہا کہ سیاحت وزیراعظم کے دل کے قریب ہے اس لیے آج سفاری ٹرین کا آغاز کیا، ریلوے جلد سیاحت میں بہت بڑا کردار ادا کرے گا۔ آئندہ ہفتے وزیراعظم عمران خان اور سفارت کار بھی یہاں آئیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دنیا کو علم ہو کہ ریلوے پاکستان کی معیثت اور معاشرت میں کیا کردار ادا کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے مذہبی سیاحت کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے، سکھوں کے لیے پنجہ صاحب تک پہنچانے کے لیے ریلوے سہولیات بڑھائے گا، ہر سال 14 سے 15 ہزار سکھ یاتریوں کے لیے ریلوے سہولیات فراہم کرے گا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ مختلف ممالک کے سفیروں کو ٹورسٹ ٹرین میں سیر کرائی جائے گی، ریلوے کے ذریعے دور افتادہ علاقوں تک غیر ملکی سیاحوں کو سیر کرائی جائے گی۔ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے۔ ریلوے سیاحت کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here