لاہور: پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) اور پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن (پاشا) کے مابین مفاہمتی یادداشت طے پائی جس کے تحت دونوں ادارے سرکاری اور نجی شعبوں میں باہمی تعاون، انکیوبیشن پروگرام اور مقامی سافٹ ویئر انڈسٹری کے فروغ اور آئی ٹی میں جدید خدمات کی فراہمی کیلئے مل کر کام کریں گے۔
مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اظفر منظور اور چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن برکان سعید نے دستخط کیے۔
چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور نے کہا کہ پنجاب میں ڈیجیٹل ایکوسسٹم کو مضبوط کرنا اور مقامی آئی ٹی انڈسٹری کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
چیئرمین سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن برکان سعید نے کہا کہ ان کی ایسوسی ایشن پی آئی ٹی بی کے انکوبیشن پروگرام کو وسعت دینے اور بالخصوص ای گورننس کے شعبے میں سرکاری منصوبوں کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے پالیسی سازی میں معاونت کرے گی۔
اس موقع پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرز پورٹل کا بھی افتتاح کیا گیا جس پر آئی ٹی کمپنیاں اور سافٹ ویئر ہاسز اپنی رجسٹریشن کیساتھ آئیڈیاز بھی شیئر کرسکتی ہیں۔