پنجاب میں پہلا ایگرو بیسڈ خصوصی اقتصادی زون بنانے کی منظوری

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 1500 ایکڑ پر محیط سپیشل اکنامک زون میں زراعت اور فوڈ انڈسٹری سے متعلق ایسی مصنوعات تیار کی جائیں گی جو پاکستان بیرون ممالک سے درآمد کرتا ہے

1191

فیصل آباد: پنجاب حکومت نے فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کو ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 1500 ایکڑ اراضی پر ایگرو بیسڈ انڈسٹری کیلئے خصوصی اکنامک زون بنانے کی منظوری دیدی ہے۔

مذکورہ سپیشل اکنامک زون میں زراعت اور فوڈ انڈسٹری سے متعلق ایسی مصنوعات تیار کی جائیں گی جو پاکستان بیرون ممالک سے درآمد کرتا ہے۔

چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی سے گفتگو میں بتایا کہ اس ضمن میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، پنجاب یورنیورسٹی لاہور اور دیگر اداروں کے اشتراک سے ایک ایسا بزنس ماڈل تیار کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے مذکورہ اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مصنوعات کی تیاری، پیکیجنگ، مارکیٹنگ اور درکار مشینری سمیت ہر قسم کی مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے:

پنجاب میں 2024ء تک پانچ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی

پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے انویسٹر ہیلپ لائن قائم کرنے کا فیصلہ

پنجاب میں چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کیلئے محکمہ آبپاشی اور نیسپاک کے درمیان معاہدہ طے

انہوں نے بتایا کہ اس اقدام سے اُن لوگوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے میں آسانی ہو جائے گی جن کے پاس سرمایہ تو موجود ہے لیکن وہ کسی کاروبار کا عملی تجربہ نہیں رکھتے۔ یہ منصوبہ زراعت کے شعبہ میں انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔ فیڈمک کا علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے بعد یہ دوسرا اہم منصوبہ ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ فیڈمک اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بھی باہمی تعاون اور سرمایہ کاری کے مختلف معاہدوں پر اتفاق کیا ہے، فیڈمک کے اکنامک زونز کے منصوبے سرمایہ کاری کے حوالے سے دستیاب سہولیات اور مراعات کے باعث ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح بن چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور چیمبر کے صدر نے انہیں یقین دلایا ہے کہ لاہور کے سرمایہ کاروں کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں بھرپور انویسٹمنٹ کیلئے راغب کیا جا ئے گا۔ لاہور چیمبر کا ایک بڑا وفد جلد فیڈمک کا دورہ کرکے یہاں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here