پاکستان اور مصر کا تجارتی و اقتصادی تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قاہرہ میں صدر السیسی اور مصری ہم منصب سامح شکری سے ملاقاتیں، کثیر الجہتی شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر بات چیت

923

اسلام آباد: پاکستان اور مصر نے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کثیرالجہتی شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز قاہرہ میں مصری ہم منصب سامح شکری کے ساتھ ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات، پاکستان اور مصر کے مابین کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین یکساں مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان مصر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں افریقی ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے ’انگیج افریقہ‘ پالیسی پر گامزن ہیں۔

وزیر خارجہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے میسر مواقع سے متعلق مصری وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر مصری وزیر خارجہ سامح ال شکری نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں کو سراہا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کی، صدر السیسی نے وزیر خارجہ کو مصر آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، پاکستان اور مصر کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ ، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے صدر السیسی کے ساتھ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیر خارجہ نے مصری صدر کو دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے میسر مواقع اور افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے مصری صدر کو قاہرہ میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ ہونیوالی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے اسے پاکستان اور مصر کے مابین دو طرفہ تجارتی تعاون کے فروغ کیلئے اہم قرار دیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here