اسلام آباد: رواں سال پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں گاڑیوں کے کئی نئے ماڈلز متعارف کروائے جا رہے ہیں اور رواں سال ملک میں دو لاکھ سے زیادہ نئی گاڑیوں کی فروخت متوقع ہے۔
عارف حبیب لمیٹڈ کی رپورٹ کے مطابق لکی موٹرز نے ٹیوٹا کی فارچونر ماڈل کے مقابلہ میں کیا سورینٹو لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ نیا ماڈل جمعہ 19 فروری 2021ء کو مارکیٹ میں متعارف کرایا جائے گا۔ لکی موٹرز جون 2021ء تک ایک اور ماڈل کی گاڑی کیراٹو بھی متعارف کرائے گی۔
ٹاپ لائن سکیورٹیز کے تجزیہ کار فواد باصر نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ لکی موٹرز کا متعارف کرایا جانے والا نیا ماڈل تیل کی زیادہ بچت، بہترین حفاظتی معیارات اور آرام دہ سہولیات کا حامل ہے جس کی کارکردگی بھی بہترین ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
سات ماہ کے دوران پاکستان میں 81 ہزار 569 کاریں فروخت
چین، صرف ایک ماہ میں 21 لاکھ سے زائد کاریں فروخت
سات ماہ کے دوران دس ہزار 539 پک اپ گاڑیوں کی فروخت ریکارڈ
انہوں نے مزید کہا کہ نئی کمپنیوں کی پاکستانی آٹو مارکیٹ میں شمولیت کے باعث پہلے سے موجود کمپنیوں کو بھی بہترین خصوصیات کے حامل گاڑیاں متعارف کرانے کی ضرورت محسوس ہو رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ پاک سوزوکی نے ویگن آر، کلٹس اور آلٹو کے نئے ماڈل متعارف کرائے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح ٹیوٹا نے بھی نیا ماڈل یارس متعارف کرایا ہے۔ ہنڈا اٹلس بھی دسویں جنریشن سوک کے نئے ماڈل کے بعد ہنڈا سٹی کا بھی نیا اور جدید ماڈل متعارف کرائے گی۔
فواد باصر کے مطابق پاکستان میں آٹو موبائل سیکٹر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور رواں سال 2021ء کے دوران دو لاکھ سے زیادہ کاروں کی فروخت متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کی موجودہ صورت حال تمام کمپنیوں کےلئے موافق ہے اور یہی وجہ ہے کہ مختلف کمپنیاں جدید خصوصیات کی حامل جدید ترین گاڑیاں مارکیٹ میں متعارف کرا رہی ہیں تاکہ اپنے کسٹمرز میں اضافہ کیا جا سکے۔
دوسری جانب رواں مالی سال 2020-21ء کے پہلے سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران کاروں کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے اعدادوشمار کے مطابق کاروں کی مجموعی فروخت گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے 69 ہزار 189 یونٹس کے مقابلے میں رواں مالی سال کی اسی مدت میں 81 ہزار 569 یونٹ رہی۔
زیر جائزہ عرصے کے دوران ہونڈا سوک اور سٹی ملک بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہوئیں، جن کی فروخت 59 فیصد بڑھ کر 14 ہزار 21 یونٹ رہی۔
1300 سی سی گاڑیوں کی فروخت میں مجموعی طور پر 63 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سات ماہ کے دوران ٹویوٹا کرولا کی فروخت میں 34 فیصد کمی ہوئی اور اس کے ملک بھر میں 9 ہزار 952 یونٹس فروخت ہو سکے۔
ایک ہزار سی سی گاڑیاں 18 فیصد مجموعی اضافے کے ساتھ سوزوکی ویگن آر اور سوزوکی کلٹس کی فروخت بالترتیب 8 فیصد اور 33 فیصد بڑھ کر 8 ہزار 987 اور 6 ہزار 794 یونٹ رہی۔
اسی طرح جولائی تا جنوری کے دوران جیپوں کی فروخت میں 137 فیصد جبکہ پک اَپس کی فروخت میں 32 فیصد، ٹو اور تھری وہیلرز کی فروخت میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔ جنوری 2021ء میں ہائی لکس اور ایس یو ویز کی فروخت میں بالترتیب پانچ فیصد اور 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔