ترسیلات زر میں 24 فیصد اضافہ، سات ماہ میں 16 ارب 47 کروڑ ڈالر موصول

سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ چار ارب 51 کروڑ، یو اے ای سے تین ارب 45 کروڑ، برطانیہ سے دو ارب 18 کروڑ، خلیجی ممالک سے ایک ارب 89 کروڑ، یورپی یونین سے ڈیڑھ ارب، امریکا سے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر ارسال کیے

1065

اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 16 ارب 47 کروڑ ڈالر پاکستان بھجوائے گئے ہیں  جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہیں۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال میں سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے کی گئی ہیں جہاں کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں نے مالی سال کے ابتدائی سات مہینوں کے دوران چار ارب 51 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر ارسال کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: 

مسلسل آٹھویں ماہ دو ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر موصول

پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات کامیاب، قرض پروگرام بحال

وباء سے نمٹنے، معیشت کو سنبھالنے پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کی تعریف

اسی طرح پاکستان کو ترسیلات زر بھیجنے والا دوسرا بڑا ملک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) رہا جہاں سے جولائی تا جنوری 2020-21ء کے دوران تین ارب 45 کروڑ ڈالرز کی ترسیلات زر ارسال کی گئیں۔

ایس بی پی کے مطابق اس حوالہ سے برطانیہ تیسرا بڑا ملک ہے جہاں مقیم پاکستانی برادری نے سات ماہ کے دوران وطن عزیز میں دو ارب 18 کروڑ ڈالر بھیجوائے۔

مزید برآں مختلف خلیجی ممالک سے وصول ہونے والی ترسیلات زر کا حجم ایک ارب 89 کروڑ ڈالر رہا، یورپی یونین کے ممالک میں مقیم پاکستانی برادری نے ڈیڑھ کروڑ ڈالر بھجوائے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے جاری مالی سال میں جولائی تا جنوری 2020-21ء کے دوران ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر کی ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here