پاکستان اور افغانستان کا ہوائی رابطے بڑھانے پر اتفاق

قومی ائیرلائن کے سربراہ کی کابل کیلئے پی آئی اے کی پروازیں بڑھانے، قندھار اور مزار شریف کیلئے بھی پروازیں شروع کرنے درخواست

592

اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان نے ہوائی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ پی آئی اے نے کابل کی پروازیں بڑھانے اور قندھار اور مزار شریف کیلئے پروازوں کی منظوری کی درخواست کی ہے۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ائیرمارشل ارشد ملک نے گزشتہ روز کابل کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے افغان حکام، شہری ہوابازی کے اداروں اور تجارتی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔

پی آئی اے حکومت کے ہدایات کے مطابق افغانستان میں اپنے آپریشن کو مزید مستحکم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے تحت ائیر مارشل ارشد ملک نے کابل پہنچنے کے بعد افغان شہری ہوابازی کے سربراہ ڈاکٹر قاسم وفائیزادہ سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور افغانستان کے مابین ہوائی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ پی آئی اے نے کابل کی پروازیں بڑھانے اور قندھار اور مزار شریف سے پروازوں کی منظوری کی بھی درخواست کی تاکہ دونوں ملکوں کے مابین عوامی روابط مزید مستحکم ہو سکیں۔

افغان ہوابازی کے سربراہ کی جانب سے پاکستان میں طبی سیاحت کے فروغ کیلئے پی آئی اے کو کردار ادا کرنے کی استدعا کی گئی، ملاقات میں کارگو پروازوں کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر نے کابل میں پی آئی اے کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور مہمانوں سے پی آئی اے کی سروس سے متعلق استفسار کیا، انہوں نے پی آئی اے کے عملے کو شہر میں مارکیٹنگ کو فروغ دینے اور پی آئی اے کی کابل میں تشہیر کی ضرورت پر زور دیا۔

ایئر مارشل ارشد ملک نے افغان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کی جس میں تجارتی روابط ، کارگو اور سیاحت کو فروغ دینے اور طبی سیاحت کو پراڈکٹ بنانے پر زور دیا گیا۔

ائیر مارشل ارشد ملک نے کابل میں پاکستانی سفارت خانے کا بھی دورہ کیا اور پاکستانی سفیر منصور احمد، قونصل جنرل اور دیگر سفارتی عملے سے ملاقات کی، انہوں نے پی آئی اے کے مسافروں کیلئے گارنٹی ویزوں کے حصول کیلئے درخواست کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here