سات ماہ کے دوران دس ہزار 539 پک اپ گاڑیوں کی فروخت ریکارڈ

939

اسلام آباد: جاری مالی سال کے ابتدائی سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران پاکستان میں پک اَپ گاڑیوں کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 31.60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آل پاکستان آٹومینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لیکر جنوری 2021ء تک کی مدت میں ملک میں دس ہزار 417 یونٹ پک اپ گاڑیوں کی پیداوار اور دس ہزار 539 یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے:

برقی گاڑیوں سے بھرا ٹرالر نواب شاہ کے قریب الٹ گیا

چین، صرف ایک ماہ میں 21 لاکھ سے زائد کاریں فروخت

سات ماہ کے دوران پاکستان میں 81 ہزار 569 کاریں فروخت

یہ شرح گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 31.60 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں آٹھ ہزار 680 یونٹ پک اپ گاڑیوں کی پیداوار اور آٹھ ہزار 8 یونٹ پک اپس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

ماہانہ اعتبار سے جنوری 2021ء میں ملک میں ایک ہزار 773 یونٹ پک اپ گاڑیاں فروخت ہوئیں، جنوری 2020ء میں ملک میں ایک ہزار 378 یونٹ پک گاڑیوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔

آٹومینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ملک میں سوزوکی راوی کے پانچ ہزار 190 یونٹ، ٹویوٹا ہائی لکس کے چار ہزار 136 یونٹ، جے اے سی کے تین سو تریسٹھ یونٹ، ڈی مکس کے ای سو اکہتر یونٹ اور ہنڈائی پورٹرکی چھ سو انہتر پک اپ گاڑیا فروخت ہوئیں۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال 2020-21ء کے پہلے سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران کاروں کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے اعدادوشمار کے مطابق کاروں کی مجموعی فروخت گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے 69 ہزار 189 یونٹس کے مقابلے میں رواں مالی سال کی اسی مدت میں 81 ہزار 569 یونٹ رہی۔

زیر جائزہ عرصے کے دوران ہونڈا سوک اور سٹی ملک بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہوئیں، جن کی فروخت 59 فیصد بڑھ کر 14 ہزار 21 یونٹ رہی۔

1300 سی سی گاڑیوں کی فروخت میں مجموعی طور پر 63 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سات ماہ کے دوران ٹویوٹا کرولا کی فروخت میں 34 فیصد کمی ہوئی اور اس کے ملک بھر میں 9 ہزار 952 یونٹس فروخت ہو سکے۔

ایک ہزار  سی سی گاڑیاں 18 فیصد مجموعی اضافے کے ساتھ سوزوکی ویگن آر اور سوزوکی کلٹس کی فروخت بالترتیب 8 فیصد اور 33 فیصد بڑھ کر 8 ہزار 987 اور 6 ہزار 794 یونٹ رہی۔

سوزوکی آلٹو 660 سی سی کی فروخت میں 21 فیصد کمی کی وجہ سے ایک ہزار سی سی سے کم کے درجے کی گاڑیوں میں 19 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سوزوکی بولان کی فروخت 36 فیصد اضافے سے 4 ہزار 568 یونٹ رہی۔

جولائی تا جنوری کے دوران جیپوں کی فروخت میں 137 فیصد جبکہ پک اَپس کی فروخت میں 32 فیصد، ٹو اور تھری وہیلرز کی فروخت میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔ جنوری 2021ء میں ہائی لکس اور ایس یو ویز کی فروخت میں بالترتیب پانچ فیصد اور 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here