مسلسل آٹھویں ماہ دو ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر موصول

جاری مالی سال کے ابتدائی سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر کا مجموعی حجم 16.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے: سٹیٹ بینک

716

کراچی/ اسلام آباد: بیرون ملک مقیم پاکستانی کارکنوں کی جانب سے ترسیلات زر مسلسل آٹھویں ماہ  دو ارب ڈالر سے زائد رہیں اور جنوری 2021ء میں ان کی مالیت دو ارب 30 کروڑ ڈالر رہی جو جنوری 2020ء کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ تاہم دسمبر 2020ء کی دو ارب 40 کروڑ ڈالر سے قدرے کم ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2021ء میں سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے موصول ہوئیں جن کا حجم 55 کروڑ 36 لاکھ ڈالر رہا۔

اس کے بعد متحدہ عرب امارات سے 49 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، برطانیہ سے جنوری 2021ء میں 30 کروڑ 30 لاکھ ڈالر جبکہ امریکا سے 20 کروڑ 32 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

دیگر خلیجی ممالک سے ترسیلات زر کا حجم 27 کروڑ 12 لاکھ ڈالر رہا جبکہ یورپی ممالک سے 22 کروڑ 88 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔

دوسری جانب سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر کا مجموعی حجم 16.5 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے سات ماہ کے دوران سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 4.5 ارب ڈالر ارسال کی گئیں۔

متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی  3.4 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے جبکہ برطانیہ میں مقیم کارکن  2.2 ارب ڈالر کی ترسیلات ارسال کرکے تیسرے نمبر پر رہے، امریکہ سے 1.4 ارب ڈالر سے موصول ہوئے۔

ادھر وزیراعظم عمران خان نے بھی ریکارڈ ترسیلات زر بھیجنے پر  بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ جنوری 2021ء میں بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم دو ارب 27 کروڑ ڈالر رہا جو جنوری 2020ء کے مقابلہ میں 19 فیصد زیادہ ہے۔

اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ترسیلات زر کا حجم مسلسل آٹھویں ماہ بھی دو ارب ڈالر سے زیادہ رہا ہےجس پر میں پاکستانی تارکین وطن کا شکر گزار ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک پاکستانی تارکین وطن کی ترسیلات زر گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24 فیصد زیادہ ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ سے بھی اچھی خبریں ہیں جہاں نمو میں تسلسل ہے، لارج سکیل مینوفیکچرنگ بھی دسمبر 2020ء میں دوہرے ہندسے میں آ گئی ہے اور اس میں 2019ء کے مقابلہ میں دسمبر 2020ء میں 11.4 فیصد اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال کے دوران جولائی تا دسمبر نمو کی شرح مجموعی طور پر 8 فیصد سے زیادہ رہی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here