واشنگٹن: مائیکروسافٹ نے دیگر ممالک پر بھی زور دیا ہے کہ وہ بھی آسٹریلیا کی پیروی کریں جو کہہ رہا ہے کہ خبر رساں اداروں کو ان کی آن لان خبروں کا معاوضہ ادا کیا جائے۔
مائیکروسافٹ نے گزشتہ ہفتے پیشکش کی تھی کہ اگر گوگل آسٹریلیا میں اپنا سرچ انجن بند کرتا ہے تو مائیکروسافٹ اس خلاء کو پر کر دے گا۔
مائیکروسافٹ کے صدر بریڈ اسمتھ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی کمپنی آسٹریلیا میں اس مجوزہ قانون سازی کی مکمل حمایت کرتی ہے جو گوگل اور فیس بک کو پابند کرتی ہے کہ وہ میڈیا اداروں کو ان کی خبروں کی اپنے نیٹ ورکس پر اشاعت کے بدلے معاوضہ ادا کریں۔
بریڈ اسمتھ نے اپنے بلاگ میں لکھا ہے کہ اس اقدام سے ٹیکنالوجی سیکٹر میں غیر معمولی تقسیم سامنے آئی ہے۔ ان کے بقول مائیکروسافٹ امریکہ، کینیڈا اور دیگر ممالک میں بھی اسی طرح کے اقدام کی حمایت کرے گا۔
فیس بک اور گوگل نے دھمکی دی ہے کہ آسٹریلیا کی پارلیمنٹ میں اس وقت جو قواعد موجود ہیں، اگر ان کو منظور کر کے اسے تحریری قانون میں تبدیل کر دیا جاتا ہے تو وہ آسٹریلیا میں سروسز بند کر دیں گے۔
آسٹریلیا کے بڑے میڈیا اداروں روپرٹ مرڈوخ کی نیوز کارپوریشن اور ایک اور ادارے نائن انٹرٹینمنٹ کا کہنا ہے کہ اگر قانون سازی ہو جاتی ہے تو وہ ہر سال لاکھوں ڈالر کی رقوم حاصل کر سکتے ہیں۔
گوگل اور فیس بک کا کہنا ہے کہ یہ تجویز ان کے کاروباری ماڈلز اور انٹرنیٹ پر ان کے فنکشنز کو شدید نقصان پہنچائے گی، فیس بک اور گوگل دونوں کا اصرار ہے کہ وہ ایک لائنسنسنگ ایگریمنٹ کے ذریعے پبلشرز کو ادائیگیوں کے لیے تیار ہیں اور دونوں اداروں نے دنیا بھر خبر رساں اداروں کے ساتھ لاکھوں ڈالر مالیت کے معاہدے کیے ہیں۔