اسلام آباد: جعلی، نان ڈیوٹی پیڈ اور سمگل شدہ سگریٹ کے خلاف ملک گیر کریک ڈان کے دوران جاری مالی سال کے پہلے سات ماہ میں 9 کروڑ 75 لاکھ 7 ہزار روپے مالیت کی چار کروڑ 48 لاکھ 27 ہزار سگریٹس ضبط کی گئی ہیں۔
ترجمان ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جعلی، بغیر ڈیوٹی ادائیگی اور سمگل شدہ سگریٹس کی روک تھام کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اِن لینڈ ریونیو اور کسٹمز فیلڈ فارمیشنز کو جعلی، سمگل شدہ اور بغیر ڈیوٹی ادائیگی کے سگریٹس کی روک تھام کیلئے کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
اس ضمن میں چیئر مین ایف بی آر نے جعلی اور سمگل شدہ سگریٹس کی تجارت کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ ان احکامات کے نتیجے میں جولائی 2020ء تا جنوری 2021ء محکمے نے جعلی اور بغیر ڈیوٹی ادائیگی کے سگریٹس کی تجارت کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں 65 کارروائیاں کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
پاکستان کا پارسا سمگلر، جو شائد قانون سے ماورا آخری شخص تھا
اسمگل ہونے والی چھ اشیاء کی قانونی طریقے سے درآمدات میں 55 فیصد اضافہ
ان کاروائیوں میں 97.507 ملین روپے مالیت کی 44.827 ملین سگریٹس ضبط کی گئی ہیں اور اس ضمن میں 2.2 ملین روپے وصول کیے جا چکے ہیں جبکہ دیگر رقم کے حصول کیلئے قانونی کارروائی جاری ہے۔
ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ پاکستان کسٹمز نے باالخصوص سمگل شدہ سگریٹ اور عمومی طور پر دوسری ممنوعہ اشیاء کی روک تھام کیلئے قابل ذکر اقدامات اٹھائے ہیں۔ ائیرپورٹ، بندرگاہوں اور زمینی پورٹس پر تعینات کسٹمز کے اہلکاروں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ سگریٹ کی سمگلنگ پر کڑی نظر رکھیں۔
باوثوق معلومات حاصل ہونے کے بعد غیر قانونی سگریٹ کے گوداموں پر چھاپے مار کر بڑی مقدار میں سمگل شدہ سگریٹ اور دوسری ممنوعہ اشیا ضبط کی جا چکی ہیں۔
نیلامی کے قوانین میں ترامیم کے بعد غیرقانونی سگریٹ کی آکشن پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور 23 جولائی 2020ء سے ضبط شدہ سگریٹ کو تلف کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے آکشن کے کاغذات کو دکھا کر سمگل شدہ سگریٹ کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق کسٹمز افسران و اہلکاروں کی تربیت اور سیمنارز کے ذریعے انہیں سگریٹ سمگلنگ کے نئے رحجانات کے بارے میں بتایا جاتا ہے اور معلومات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جولائی 2020ء سے جنوری 2021ء تک پاکستان کسٹمز نے 549 ملین روپے مالیت کے 71 لاکھ 52 ہزار 265 غیر قانونی سگریٹ سٹیکس قبضے میں لئے ہیں۔