اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے فیڈرل ایویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ اجلاس میں سوشل میڈیا پر چلنے والے جعلی اکاﺅنٹس کے خلاف کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی جائے۔
قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اجلاس میں چوہدری اعتزاز احسن کے نام سے ٹویٹر پر جعلی اکائونٹس کے معاملہ کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اعتزاز احسن کے نام سے چلنے والے جعلی اکائونٹس کا نوٹس لیا تھا اور سینیٹ کی دو کمیٹیوں میں معاملہ اٹھایا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
کشمیر کیلئے آواز اٹھانے پر 200 سے زائد پاکستانی ٹویٹر اکائونٹس بند
ٹویٹر نے بھارت کی جانب سے اکائونٹس معطلی کی درخواست مسترد کر دی
پی ٹی اے نے 24 کمپنیوں کو پاکستان میں موبائل فونز بنانے کی اجازت دے دی
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اور پی ٹی اے سے جعلی اکائونٹس فوری بند کرنے کا کہا تھا، مجھے بتایا گیا کہ اعتزاز احسن کے نام سے ٹویٹر پر چلنے والے دو جعلی اکائونٹس بند کر دئیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے سے کہا ہے کہ جعلی اکائونٹس چلانے والوں کیخلاف کریک ڈائون شروع کیا جائے اور اگلے ہفتے ملوث افراد کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اور پی ٹی اے اگلے اجلاس میں کمیٹی کو بریفنگ دیں۔ قائد ایوان سینیٹ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ صرف اکائونٹ بند کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا، ٹویٹر انتظامیہ کیساتھ معاملہ اٹھایا جائے اور انہیں آگاہ کیا جائے کہ نامور شخصیات کا اکائونٹ تصدیق کے بغیر نہ کھولا جائے۔
سینیٹر جاوید عباسی نے ایک میکنزم تیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ جعلی اکائونٹ بناتے ہیں ان کے خلاف سخت اقدام لئے جائیں، سابق سینیٹر چوہدری اعتراز احسن نے کمیٹی کو بتایا کہ سائبر کرائم اور سائبر واچ ڈاگ کو اپروچ کیا تھا، میرے نام کے اوپر وٹس ایپ اور ٹوئٹر پر جعلی اکائونٹ بنا کر میری عزت اور سیاست کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
قائمہ کمیٹی نے سابق سینیٹر چوہدری اعتراز احسن کی سیاسی اور قانون سازی میں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین کمیٹی نے چوہدری اعتراز احسن کو قائمہ کمیٹی کی طرف سے شیلڈ بھی پیش کی۔ قائمہ کمیٹی نے کمیٹی کا باقی ایجنڈا آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا۔
اجلاس میں قائد ایوان سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم سینیٹرمحمد جاوید عباسی، سابق سینیٹر چوہدری اعتراز احسن کے علاوہ سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔