لندن: برطانیہ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے غیرملکی مسافروں پر بھاری جرمانہ اور 10 سال تک قید کی سزا دی جا سکے گی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں کورونا کی نئی قسم (ویرئینٹ) زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے جس کی روک تھام کیلئے سخت ترین ایس او پیز جاری کی گئی ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ساتھ قید کی سزائیں دی جائیں گی۔
رواں ماہ کے وسط سے برطانیہ میں داخل ہونے والے مسافروں پر 15 دن قرنطینہ میں رہنا لازم ہو گا اور خلاف ورزی پر 10 ہزار پاﺅنڈ جرمانہ اور 10 سال قید تک کی سزا ہو گی۔
حکام نے کہا ہے کہ معلومات چھپانے یا ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کی ٹریول ہسٹری حذف کرنے پر بھی غیرملکی مسافروں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں کورونا ویکسی نیشن مہم جاری ہے تاہم اس کے باوجود ملک میں نئے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ بھی بڑھ رہا ہے اور لوگ کورونا کی نئی قسم سے خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔