علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سعودی سرمایہ کاروں کیلئے 500 ایکڑ اراضی مختص کرنے کا فیصلہ

ہیلتھ  سٹی اور فرنیچر سٹی کیلئے دو، دو سو ایکڑ رقبہ مختص، چنیوٹ سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کیلئے خصوصی زون بھی بنایا جائے گا

581

فیصل آباد: فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) نے سی پیک ترجیحی اکنامک زون کے تحت بننے والے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کیلئے 500 ایکڑ اراضی مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے ساتھ ہیلتھ  سٹی کیلئے دو سو ایکڑ اور فرنیچر سٹی کیلئے بھی دو سو ایکڑ رقبہ مختص کیا گیا ہے جس کے ساتھ چنیوٹ سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کیلئے خصوصی زون بھی بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے:

چینی کمپنیوں کی علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری

علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کو گیس فراہمی، سوئی ناردرن نے 839 ملین طلب کر لئے

وفاقی حکومت نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کو سپشل اکنامک زون کی حیثیت دے دی

فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ ملکی و غیرملکی سرمایہ کار علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں کیونکہ مذکورہ اکنامک زون کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ فیڈمک نے اس کی ڈیزائننگ، پلاننگ، ڈویلپمنٹ اور مارکیٹنگ پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے وَن ونڈو کا نظام متعارف کروایا ہے۔

انہوں نے سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کو بتایا کہ ہر سرمایہ کار کے ساتھ ایک خصوصی افسر منسلک کر دیا جاتا ہے یوں سرمایہ کار کو کمپنی رجسٹرڈ کروانے سے لے کر پیداواری یونٹ کے آغاز تک مکمل معاونت فراہم کی جاتی ہے، بجلی و گیس کی فراہمی اور نقشوں کی منظوری سے لے کر مختلف سرکاری محکموں سے اجازت ناموں کے حصول تک کی خدمات بھی اس میں شامل ہیں۔

میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ یہاں اراضی کی فی ایکڑ قیمت 95 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے جس کی ادائیگی کیلئے سرمایہ کاروں کو چار سال کا وقت دیا جا رہا ہے۔ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کر نے والوں میں سرامکس، بائیو میڈیکل، فارماسیوٹیکل اور دیگر جدید ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والی کمپنیاں شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here