جاپان کے تعاون سے 2.5 ارب کی لاگت کے جدید ترین موسمیاتی ریڈار کا افتتاح

حکومت جاپان نے 97.5 فیصد فنڈنگ کی، ریڈار سسٹم سے موسم کی نگرانی اور ہوائی ٹریفک کی نگرانی کا نظام مضبوط ہو گا

565

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل موسمیاتی ریڈار کا افتتاح کر دیا گیا جس کیلئے 97.5 فیصد فنڈنگ حکومت جاپان نے فراہم کی ہے۔

محکمہ موسمیات اسلام آباد میں جاپان کی مدد سے قائم کردہ ریڈار سسٹم کا افتتاح وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان اور پاکستان میں جاپان کے سفیر کونینو ری مٹسوڈا نے کیا، اس موقع پر جائیکا کے نمائندے شی جی کی فروتا، ڈی جی محکمہ موسمیات محمد ریاض اور ادارے کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر ہوا بازی نے کہا کہ جدید ریڈار سسٹم کا مقصد پاکستان میں درمیانے درجے کے موسم کی پیشگوئی کے خصوصی مرکز کا قیام اور موسم کی نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔

وفاقی وزیر نے منصوبے کی تکمیل کیلئے حکومت جاپان کی جانب سے مالی امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا یہ منصوبہ یکم ستمبر 2015ء میں جائیکا کی طرف سے خصوصی امداد کے ذریعے شروع ہوا اور گزشتہ سال جون 2020ء میں منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو ارب 50 کروڑ 25 لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے اس منصوبے کیلئے حکومت جاپان کی طرف سے 97.5 فیصد فنڈنگ کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے آپس میں گہرے دوستانہ تعلقات ہیں اور اس منصوبے سے دونوں ممالک کی دوستی مزید مستحکم ہو گی، اس منصوبے سے عوام کو موسم کے بارے میں بروقت آگاہی کے علاوہ ہوا بازی اور زمینی ٹرانسپورٹ کے محفوظ آپریشن کو فروغ ملے گا، جدید ٹیکنالوجی کے حامل ریڈار سے موسمیاتی چیلنجز سے بروقت نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔

اس موقع پر جاپان کے سفیر نے کہا کہ حکومت جاپان ہمیشہ پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، دونوں ملکوں کی دوستی مستقبل میں مزید مستحکم ہو گی اور جاپان سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ جاپان اور پاکستان کے مابین بہت سی قدریں مشترک ہیں جو دونوں ممالک کو آپس میں ملاتی ہیں، آخر میں دونوں معززین نے موسمی ریڈار ٹاور کا دورہ کیا اور یادگاری پودا بھی لگایا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here