جنوری میں ایس ای سی پی میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 24 فیصد اضافہ

سب سے زیادہ 837 کمپنیاں اسلام آباد، دوسرے نمبر پر لاہور میں 623، کراچی میں 319، پشاور میں 156، ملتان میں 122، فیصل آباد میں 56، گلگت بلتستان میں 53، کوئٹہ میں 22 اور سکھر میں 13 کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں

580

اسلام آباد: سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے قائم کردہ نئے بزنس سینٹر کے ساتھ جنوری 2021ء میں 24 فیصد زیادہ یعنی 837 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئی ہیں۔

اسلام آباد میں قائم کیے گئے ایس ای سی پی کے نئے بزنس ڈویلپمنٹ سینٹر کا مقصد کمپنیوں کی رجسٹریشن کی درخواستوں پر تیزی سے عملدرآمد کرنا اور اس کو آسان اور سہل بنانا ہے۔

جنوری 2021ء کے دوران ایس ای سی پی کے ساتھ مجموعی طور پر دو ہزار 201 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں جس سے رواں مالی سال کے سات ماہ میں ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ شدہ کمپنیوں کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 747 تک جا پہنچی ہے۔

نئی کمپنیوں میں سے 98 فیصد کو آن لائن رجسٹرڈ کیا گیا اور 30 فیصد کی رجسٹریشن درخواست دینے کے دن میں ہی مکمل کر لی گئی۔

69 فیصد کے قریب کمپنیوں کو پرائیویٹ لمیٹڈ، 28 فیصد کو سنگل ممبر، تین فیصد کو پبلک اَن لسٹڈ کمپنی یا بغیرمنافع ایسوسی ایشن یا بطور غیرملکی کمپنی یا پھر لمیٹڈ لائیبیلٹی پارٹنرشپ (ایل ایل پی) کے طور پر رجسٹرڈ کیا گیا۔

جنوری 2021ء میں جن شعبوں میں سب سے زیادہ کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں ان میں ٹریڈنگ سیکٹر کی 314 کمپنیاں، انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق 269، تعمیرات کی 227، سروسز سیکٹر سے 188 اور ای کامرس سے تعلق رکھنے والی 79 کمپنیوں کو رجسٹرڈ کیا گیا جبکہ 1124 کمپنیاں دیگر شعبوں میں رجسٹرڈ کی گئیں۔

ایس ای سی پی کے مطابق 44 نئی کمپنیوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی، سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں چین، ملائیشیا، سویڈن، ساؤتھ افریقہ، ناروے، نیدرلینڈز، ترکی، برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں۔

سب سے زیادہ 837 کمپنیاں اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہوئیں، دوسرے نمبر پر لاہور میں 623، کراچی میں 319، پشاور میں 156، ملتان میں 122، فیصل آباد میں 56، گلگت بلتستان میں 53، کوئٹہ میں 22 اور سکھر میں 13 کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here