’32 چینی کمپنیوں کی علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری’

چین کی مزید 150 کمپنیوں سمیت کئی ممالک کے سرمایہ کار بھی علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کیلئے فیڈمک سے رابطے کر رہے ہیں

1216

فیصل آباد: چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت قائم کیے جانے والے ترجیحی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں اب تک 32 چینی کمپنیاں سرمایہ کاری کر چکی ہیں۔

چین کی مزید 150 کمپنیوں سمیت کئی ممالک کے سرمایہ کار بھی اس منصوبہ میں سرمایہ کاری کیلئے فیڈمک سے رابطے کر رہے ہیں اور جلد مزید سرمایہ کاروں سے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ایکسپورٹ بیسڈ صنعتیں لگانے کے ساتھ ساتھ ایسی کمپنیوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی جو پاکستان میں امپورٹ ہونے والی اشیاء کا متبادل تیار کرسکیں تاکہ درآمدی بل میں کمی لائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے: 

سویٹزر لینڈ کی پاکستان میں پانچ کروڑ ڈالر سے زائد براہ راست سرمایہ کاری

دو کمپنیوں کا پاکستان کے آٹو سیکٹر میں 2.4 ارب روپے سرمایہ کاری کا منصوبہ

غیرملکی سرمایہ کاری کے مقابلہ میں منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں 26 فیصد اضافہ

انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا مجموعی رقبہ تین ہزار تین سو ایکڑ ہے جس میں سے دو ہزار تین سو ایکڑ اراضی پر صنعتیں لگیں گی جبکہ باقی ایک ہزار ایکڑ رقبہ دیگر سرگرمیوں کیلئے مختص کیا گیا ہے۔

چیئرمین فیڈمک نے بتایا کہ صنعتوں کیلئے مختص دو ہزار تین سو ایکڑ میں سے ایک ہزار تین سو ایکڑ کے سودے مکمل اور رقبہ فروخت ہو چکا ہے جبکہ باقی رقبہ بھی جلد الاٹ کر دیا جائے گا جس کیلئے ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں سے بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کا منصوبہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے لہٰذا وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے تمام متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں کہ اس منصوبہ کی تکمیل کے حوالے سے کسی کوتاہی سے گریز کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال بھی فیڈمک کے اکنامک زونز کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی لینے سمیت مسلسل رابطہ میں ہیں۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ وزیر اعظم نے ان کی اس تجویز سے اتفاق کیاہے کہ سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کے مطابق 17 وفاقی و صوبائی محکموں پر مشتمل خصوصی وَن ونڈو سنٹر بنائے جائیں تاکہ صنعت کاروں کو مختلف محکموں سے الگ الگ رابطوں کی بجائے ایک ہی جگہ تمام سہولیات دستیاب ہو نے سے وقت کا ضیاع روکا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کیلئے درکار تمام اراضی حاصل کی جا چکی ہے اور اس کے پہلے مرحلے کا ترقیاتی کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here