نیشنل بینک آف پاکستان کی افغانستان اور بنگلہ دیش میں دو برانچیں بند

’افغانستان کے شہر جلال آباد اور بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں دونوں برانچیں خسار ے میں جا رہی تھیں، بنگلہ دیش میں چٹاگانگ اور ڈھاکہ برانچوں کو بھی منظوری کے بعد بند کر دیا جائے گا‘

937

اسلام آباد: نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بتایا ہے کہ اس نے جنوبی ایشیائی ممالک میں اپنی چھ میں سے دو برانچیں بند کر دی ہیں۔

سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیرصدارت منعقدہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں نیشنل بینک کی سائوتھ ایشین ریجن میں پانچ برانچوں کو بند کرنے کے معاملے کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

نیشنل بینک کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ بینک کی مختلف ممالک میں 23 برانچیں قائم کی گئی ہیں، جنوبی ایشیا میں چھ برانچیں ہیں، صرف دو برانچیں ایک افغانستان اور ایک بنگلہ دیش میں بند کرنے کی منظوری حاصل کی گئی ہے۔

نیشنل بینک کے حکام کے مطابق منظوری وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک پاکستان اور متعلقہ ملک کے ریگولیٹر سے حاصل کی جاتی ہے۔

قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ افغانستان کے شہر جلال آباد اور بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں دونوں برانچیں مسلسل خسار ے میں جا رہی تھیں جس کی وجہ سے انہیں بند کیا جا رہا ہے۔

نیشنل بینک کے حکام کے مطابق بنگلہ دیش میں چٹاگانگ اور ڈھاکہ کی برانچوں کو بھی منظوری کے بعد بند کر دیا جائے گا۔

قائمہ کمیٹی نے نیشنل بینک کے حکام کو کہا کہ بیرون ملک بند کی گئی برانچز کے خسارے میں جانے کی وجوہات اور نان پرفارمنگ لونز کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here