اسلام آباد: جاری مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے دوران ملک میں پلاسٹک مصنوعات کی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 18.08 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے دسمبر 2020ء تک کی مدت میں پلاسٹک مصنوعات کی درآمدات پر ایک ارب 11 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا۔
گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 94 کروڑ 77 لاکھ 40 ہزار ڈالر کی پلاسٹک مصنوعات کی درآمدات ہوئی تھیں۔
مقدار کے لحاظ سے جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں پلاسٹک مصنوعات کی درآمدات میں 36.76 فیصد اضافہ ہوا اور پہلی ششماہی میں میں دس لاکھ ایک ہزار 690 میٹرک ٹن پلاسٹک مصنوعات کی درآمدات ہوئیں۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سات لاکھ 32 ہزار 462 میٹرک ٹن پلاسٹک مصنوعات درآمد کی گئیں تھیں۔ دسمبر 2020ء میں پلاسٹک مصنوعات کی درآمدات میں 40.25 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔